دین اسلام ( بچوں‌کی دینی تعلیم و تربیت کے لیے )

مولانا علی احمد قاسمی مہتمم جامعہ رشید العلوم امین نگر سہرسہ بہار

قسط اول



سوال: تمھارا دین کیا ہے؟
جواب: ہمارا دین مذہب اسلام ہے۔
سوال : تمھارا دین کیسا ہے؟
جواب: ہمارا دین سب سے اچھا ہے۔
سوال: تمھیں کس نے پیدا کیا؟
جواب: ہم کو اللہ تعالیٰ نے پیدا کیااور جس نے سب چیزوں کو پیدا کیا۔ وہی سب کا پروردگار ہے۔
سوال: اللہ کس کا نام ہے؟
جواب: جس نے ہمیں اور ہمارے ماں باپ اور سب چیزوں کو اپنی قدرت سے پیدا کیا۔
سوال: اللہ کی کچھ تعریف بیان کرو۔
جواب: اللہ ایک ہے۔ وہ کسی کا محتاج نہیں ۔ وہ نرالا ہے۔ کوئی اس کے مثل نہیں۔ وہ زندہ ہے؛ مگر اس کی زندگی ہماری جیسی ناپائیدار نہیں۔ وہ دیکھتا اور سنتا ہے ؛ مگر ہمارا جیسا دیکھنا اور سننا نہیں۔ ہر چیز کو جانتا ہے ؛ مگر ہم کو اس کے جاننے کی تھاہ نہیں۔ اس کو اپنی بنائی ہوئی چیزوں میں ہر طرح کے تصرف کرنے کی قدرت ہے ۔ کسی کو دم مانے کی طاقت نہیں۔ وہی سب کو روزی دیتا ہے۔ وہی جِلاتا ہے، وہی مارتا ہے۔ جس کی روزی چاہے، تنگ کردے۔ جس کی چاہے زیادہ کردے۔ جس کو چاہے پست کردے، جس کو چاہے بلند کردے۔ جس کو چاہے عزت دے۔ جس کو چاہے ، ذلت دے۔ اس کا کوئی کام حکمت سے خالی نہیں۔ دنیا میں جو کچھ ہوتا ہے، اسی کے حکم سے ہوتا ہے۔ اس کے حکم کے بغیر ایک ذرہ نہیں ہل سکتا۔
سوال: تم سب کس کی اولاد ہو؟
جواب: ہم سب حضرت آدم و حوا علیھما السلام کی اولاد ہیں۔
سوال: حضرت آدم علیہ السلام کو کس نے پیدا کیا؟
جواب: حضرت آدم علیہ السلام کو اللہ نے اپنی قدرت و طاقت سے پیدا کیا۔
سوال: حضرت حوا علیھا السلام کو کس نے پیدا کیااور کس چیز سے پیدا ہوئیں؟
جواب: حضرت حوا علیہا السلام کو اللہ نے آدم علیہ السلام کی بائیں پسلی سے پیدا کیا۔
سوال: دنیا میں سب سے پہلے کون نبی آئے؟
جواب: حضرت سیدنا آدم علیہ السلام۔
سوال: آخری نبی کون ہیں؟
جواب: حضرت محمد صلیٰ اللہ علیہ وسلم۔

Facebook Comments

POST A COMMENT.