روزہ

مولانا علی احمد قاسمی صاحب

سوال: روزہ اسلام کا کونسا رکن ہے؟
جواب: روزہ اسلام کا چوتھا رکن ہے۔
سوال: روزہ کی اہمیت کیا ہے؟
جواب: روزہ دین کی ایک بنیادی عبادت اور پوشیدہ عمل ہے یہ دین اسلام کا ایک اہم ستون ہے اسلامی شریعت میں فجر کے وقت سے تھوڑا پہلے سے رک کر سورج ڈوبنے تک روزہ کی نیت سے کھانا پینا چھوڑ دینا اور ہم بستری نہ کرنے کو روزہ کہتے ہیں۔
سوال: روزہ کا کیا مقصد ہے؟
جواب:(۱) بے ضرورت اور غلط خواہشات پر کنٹرول کرکے اس نفس کی اصلاح کرنا جو انسان کو برائی کی طرف لے جاتا ہے۔
(۲)تمام گناہوں ، فضول باتوں اور غلط خیالات سے دور رکھنا۔
(۳) اپنے رب کے سامنے بے بسی ، لاچاری اور بندگی کا اظہار کرنا ۔
(۴) دوسروں کی بھوک پیاس ، مجبوریوں او مفلسی کا احساس پیدا کرنا۔
(۵) اپنے اندر صبر وشکر اطمینان او راحسان جیسی اعلیٰ اصفات پیدا کرکے اللہ کی قربت حاصل کرنا۔
سوال: روزہ کب فرض ہوا؟
جواب: روزہ ۲ ؁ھ میں فرض ہوا۔
سوال: روزہ رکھنا کب فرض ہے ؟
جواب: جب رمضان المبارک کا مہینہ آجائے۔
سوال: روزہ کن لوگوں پر فرض ہے؟
جواب: ہر مسلمان بالغ مرد و عورت پر فرض ہے۔
سوال: روزے کی نیت کیا ہے؟
جواب: کل میرا روزہ ہے ، آج میرا روزہ ہے۔
سوال: روزے کے اندر کتنی چیزیں فرض ہیں؟
جواب: تین چیزیں۔
سوال: وہ تین چیزیں کون کون سی ہیں؟
جواب: صبح صادق سے غروب آفتاب تک کھانے پینے اور نفسانی خواہشات سے رکے رہنا۔
سوال: روزہ میں کن کن چیزوں سے پرہیز کرنا چاہیے؟
جواب: غیبت، جھوٹ اور لڑنے جھگڑنے سے پرہیز کرنا چاہیے۔
سوال: کن چیزوں سے روزہ افطار کرنا افضل ہے؟
جواب: کھجور، چھوہارے یا پانی سے۔
سوال: افطار کرتے وقت کون سی دعا پڑھنی چاہیے؟
جواب:
أللّٰھُمَّ لَکَ صُمْتُ وَ عَلیٰ رِزْقِکَ اَفْطَرْتُ۔
ترجمہ: ائے اللہ میں نے تیرے ہی لیے روزہ رکھا اور تیرے ہی رزق سے روزہ کھولا۔
سوال: کن چیزوں سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے اور صرف قضا لازم آتی ہے؟
جواب: (۱) روزے میں اگر بتی وغیرہ کے دھویں کو سونگھنا۔
(۲) روزہ کی حالت میں وکی وغیرہ کرنا سونگھنا۔
(۳) روزہ یاد ہونے کی حالت میں بد احتیاطی سے پانی حلق میں اترجانا۔
(۴) وقت کا پتہ نہ ہونے کی وجہ سے آفتاب غروب ہونے سے قبل اطفار کرنا۔
سوال: کن چیزوں سے نہ روزہ ٹوٹتا ہے اور نہ مکروہ ہوتا ہے؟
جواب: (۱) سرمہ لگانا۔ (۲) خوشبو لگانا۔ (۳) خود بخود قے ہوجانا۔ (۴) آنکھوں میں دوا ڈالنا۔ (۵) نکسیر پھوٹ جانا۔
سوال: کن چیزوں سے روزہ ٹوٹتا تو نہیں ہے لیکن مکروہ ہوجاتا ہے؟
جواب: (۱) ٹوٹھ پیسٹ وغیرہ سے دانت صاف کرنا۔ (۲) لرائی جھگڑا کرنا۔ (۳) جھوٹ بولنا۔ (۴) چغلی کھانا۔ (۵) غیبت کرنا۔
سوال: کن چیزوں سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے اور کفارہ اور قضا دونوں لازم آتے ہیں ؟
جواب: (۱) رمضان کا روزہ رکھ کر جان بوجھ کر کچھ کھا پی لینا۔
(۲) بغیر شرعی عذر کے دوا پی لینا۔ (۳) سگریٹ اور بیڑی پی لینا۔ (۴) ہمبستری کرلینا۔ (۵) قے کھانے کے عادی شخص کا قے کھا لینا۔
سوال: روزہ توڑنے کا کفارہ کیا ہے؟
جواب: ایک روزہ کا کفارہ ساٹھ روز لگاتار روزہ رکھنا ہے اور اگر دو مہینے روزہ رکھنے کی طاقت نہ ہوتو ساتھ مسکینوں کو دو وقت کھانا کھلانا۔
سوال: کن لوگوں کو روزہ نہ رکھنے کی اجازت ہے لیکن رمضان کے بعد ان روزوں کی قضا واجب ہوتی ہے؟
جواب: (۱) اگر کوئی شخص اڑتالیس میل یا اس سے زیادہ سفر کرنے کا ارادہ رکھتا ہو۔
(۲) اگر عورت حاملہ ہو اور روزہ رکھنے کی صورت میں بچہ کو نقصان پہنچنے کا گمان ہو۔ (۳) اگر عورت بچہ کو دودھ پلاتی ہو اور روزہ رکھنے سے بچہ کو نقصان پہنچتا ہو۔ (۴) اگر کوئی بیمار ہو اور روزہ رکھنے سے بیماری بڑھ جانے کا گمان غالب ہو۔ (۵) اگر عورت ناپاکی کے دنوں میں ہو ۔
سوال: کن دنوں میں روزہ نہ رکھنے کی اجازت ہے اور روزہ کے بدلے فدیہ دینا ہوتا ہے؟
جواب: (۱) ایسا مریض جس کو صحت یاب ہونے کی امید نہ ہو۔
(۲) بوڑھا جس کو آئندہ طاقت کرنے کی امید نہ ہو۔
سوال: روزہ کا فدیہ کیا ہے؟
جواب: ایک روزہ کا فدیہ تقریبا پونے دو کلو گیہوں ہے۔
سوال: صدقۃ الفطر کی اہمیت کیا ہے؟
جواب: صدقۃ الفطر ان گناہوں کا کفارہ ہے جو روزہ کے دنوں میں روزہ دار سے ہوجاتے ہیں۔ اور اس سے غریب مسکین بھی عید کی خوشی میں شریک ہوجاتے ہیں ۔
سوال: صدقۃ الفطر کن لوگوں پر واجب ہے؟
جواب: صدقۃ الفطر ہر صاحب نصاب آزاد مسلمان مرد اور عورت پر اپنی طرف سے اور اپنی نابالغ اولاد کی طرف سے واجب ہے۔
سوال: ایک شخص کی طرف سے صدقۃ الفطر کی مقدار کیا ہے؟
جواب: تقریبا پونے دو کلو گیہوں یا اس کی قیمت۔
سوال: صدقۃ الفطر کے مصارف کیا ہیں؟
جواب: صدقہ الفطر کے مصارف بھی وہی ہیں جو زکوٰۃ کے ہیں۔



Facebook Comments

POST A COMMENT.