مظفر نگر کے مسابقۂ قرآن میں الفلاح مدرسہ،خوشحال پارک کے دوطلباء کی نمایاں کامیابی




لونی:جامعہ عربیہ دارالفلاح بڈھانہ ضلع مظفر نگر کے زیر اہتمام دوروزہ۱۴؍۱۵مارچ کومنعقدہ مسابقۂ قرآن میں جامعہ اخلاقیہ اسلامیہ الفلاح مسجد کمپلیکس خوشحال پارک، لونی،ضلع غازی آبادکے طلباء نے نمایاں کامیابی حاصل کرکے ادارے کانام روشن کیاہے۔مسابقہ کے دو زمروں میں دوطلباء نے دوم اور سوم پوزیشن حاصل کی ہے۔ کم عمر طالب علم محمد ذیشان بن مولانا مرتضی ناگلوئی نے تیس پارہ میں دوسری پوزیشن اورمحمد ارمان بن کلیم الدین خوشحال پارک نے پندرہ پارہ کے زمرے میں تیسری پوزیشن حاصل کی ہے ،مسابقہ کے منتظمین کی طرف سے دونوں طلباء کو گراں قدر انعامات اور توصیفی سند سے نوازاگیا۔اس مسابقہ میں مغربی یوپی کے سیکڑوں مدارس کے آٹھ سوطلباء نے شرکت کی تھی۔ مدرسہ کے مہتمم مولانا نوشیر احمد نے طلباء کی اس کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کامیاب ہونے والے طلباء اور مدرسہ کے اساتذہ قاری سجاد انور قاسمی، قاری مظہر الحق فلاحی،قاری تنویر عالم،قاری عبدالواحد اشاعتی،قاری اورنگزیب وغیرہ کو مبارکباد پیش کی ہے جن کی مخلصانہ محنت اور کوششوں کی بدولت اس مدرسہ کے طلباء عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے قابل ہوسکے اور انہوں نے مسابقہ میں دوم اور سوم پوزیشن حاصل کرکے دوسرے طلباء کے لیے ایک عمدہ مثال پیش کی ہے۔انہوں نے کہاکہ ان شاء اللہ اس کامیابی سے ان دونوں طلباء کے ساتھ مدرسہ کے سبھی طلباء کوحوصلہ ملے گا اور وہ آیندہ بڑے پیمانے پر ہونے والے مسابقوں میں اپنی قابلیت کا مزید عمدہ مظاہرہ کرپائیں گے۔قابل ذکر ہے کہ یہ مدرسہ حضرت مولانا اسرارالحق قاسمیؒ کی سرپرستی میں قائم شدہ مدارس و مکاتب میں سے ایک نمایاں ادارہ ہے، جہاں سے گزشتہ پندرہ سال کے عرصے میں دوسوسے زائد حفاظ فارغ ہوچکے ہیں۔کچھ دن قبل بہار اور ممبئی کے مسابقوں میں بھی اس مدرسہ کے طلباء نے شرکت کی تھی اور وہاں بھی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیاتھا۔واضح رہے کہ مولانا مرحوم کی سرپرستی میں قائم شدہ دارالعلوم اسراریہ سنتوشپور،کولکاتہ کے طلباء بھی اسی ماہ ممبئی میں پوزیشن حاصل کرکے عمرہ کی سعادت
حاصل کی اور بہار میں کل ہند و نیپال مسابقہ میں بھی اول پوزیشن حاصل کرچکے ہیں۔




Facebook Comments

POST A COMMENT.