نیوزی لینڈ حملہ بربریت اور وحشیانہ عمل :مولانا محمود مدنی

جمعیت علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا محمود مدنی نے نیوزی لینڈ کے شہر کرایسٹ چرچ کی مسجد میں نمازیوں پر وحشیانہ حملے پر سخت دکھ اور اضطراب کا اظہار کرتے ہویے اسے دہشت گردانہ اور وحشیانہ عمل قراردیا ہے.

انھوں نے کہا کہ دہشت گردی کو مشرق اور مغرب میں بانٹنے کے بجایے ضرورت اس بات کی ہے کہ اس کے خلاف پوری دنیا متحد ہو. حقیقت تو یہ ہے کہ دہشت گردی نے بلاتفریق پوری انسانیت کو مشکل میں ڈال رکھا ہے.

مولانا مدنی نے کہا کہ دنیا کے بااثر افراد کو یہ سمجھنا ہوگا کہ ان کے خیالات، تقاریر اور رویے دوسروں کو اس حد تک بھی متاثر کرسکتے ہیں. اس لیے وہ خود کو ایک ذمہ دار کے طور پر پیش کریں اور پر امن دنیا کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کریں.

مولانا مدنی نے حادثے کے بعد نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم اور وہاں کے عوام کے ہمدردانہ رویے کی ستایش کی ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ مجرموں کو قرار واقعی سزا ملے گی.
مولانا مدنی نے امت مسلمہ کو بھی غور وفکر کی دعوت دی ہے کہ وہ اسلام کےپیغام انسانیت و اخوت کو عام کرنے کے لیے کس طرح ٹھوس اور موثر کردار ادا کرسکتے ہیں.

 Website with 5 GB Storage

اپنا تبصرہ بھیجیں