حج

Views: 40
Avantgardia

مولانا علی احمد قاسمی




سوال: حج اسلام کا کونسا رکن ہے ؟
جواب: حج اسلام کا پانچواں رکن ہے۔
سوال: حج کب فرض ہوا؟
جواب: حج ۹ ؁ ھ میں فرض ہوا۔
سوال: کن لوگوں پر حج فرض ہے؟
جواب: ہر وہ مسلمان جو عاقل ہو بالغ ہو آزاد ہو اور خانہ کعبہ تک پہنچنے کی استطاعت رکھتا ہو۔
سوال: حج میں کیا حکمت ہے؟
جواب: حج وہ عمل اور ایمان کی وہ منزل ہے جہاں مسلمان پہنچ کر اللہ کی ربوبیت اور اس کے احکامات کو عقل سے زیادہ دل سے سمجھنے لگتا ہے اور اس پر اپنی اصلی حقیقت اور محتاجی ظاہر ہوتی ہے۔ (۲) مسلمانوں کے دلوں میں اللہ کی محبت اور اس کی بزرگی کا ایسا نقش بٹھانا جو مرتے دم تک قائم رہے ۔ (۳) سال میں ایک بار امت مسلمہ کو ایک مرکز پر اکٹھا کرکے اجتماعی عبادت کا موقع فراہم کرنا، امت مسلمہ کو درپیش مسائل کو سمجھنا اور خلیفۃ المسلمین سے ہدایت حاصل کرنا۔
سوال: حج میں کتنی چیزیں فرض ہیں؟
جواب:حج میں تین چیزیں فرض ہیں: (۱) احرام باندھنا۔ (۲) احرام باندھ کر دل سے حج کی نیت کرنا اور تلبیہ پڑھنا۔ عرفات میں ۹؍ ذی الحجہ کو زوال کے بعد سے لے کر ۱۰؍ ذی الحجہ کی صبح صادق تک ٹھہرنا۔ (۳) طواف زیارت کرنا۔
سوال: حج کے صحیح ہونے کی شرطیں کیا کیا ہیں؟
جواب: (۱) حج کے فرائض ادا کرنے میں ترتیب قائم کرنا۔ (۲) حج کے تمام ارکان اپنے مقررہ اوقات میں ادا کرنا۔ (۳) حج کے ہر رکن کو اسی مقام پر ادا کرنا جو اس کے لیے مقرر ہے۔
سوال: حج کے واجبات کیا کیا ہیں؟
جواب: (۱) مزدلفہ میں ٹھہرنا۔ (۲) رمی کرنا یعنی کنکریاں مارنا۔ (۳) حلق یا تقصیر کرانا یعنی بال منڈوانا یا کٹوانا۔ (۴) سعی کرنا یعنی صفا و مروہ کے درمیان دوڑنا۔ (۵) طواف صدر کرنا یعنی باہر سے آنے والے حاجیوں کا مکہ سے رخصت ہوتے وقت کعبہ کا طواف کرنا۔
سوال: احرام کسے کہتے ہیں؟
جواب: حج و عمرہ کی نیت سے میقات پر پہنچ کر خاص کپڑے پہننے اور تلبیہ پڑھنے کو احرام کہتے ہیں۔
سوال: طواف کسے کہتے ہیں؟
جواب: خانہ کعبہ کے ارد گرد چکر لگانے کو طواف کہتے ہیں۔
سوال: تلبیہ کیا ہے؟
جواب:
لَبَّیْکََ أللّٰھُمَّ لَبَّیْک لَبَّیْکََ لَا شَرِیْکَ لَکَ لَبَّیْکَ ا8نَّ الحمْدَ وَالنِّعْمَۃَ لَکَ وَالْمُلْکَ لَا شَرِیْکَ لَکَ
ترجمہ: اللہ میں حاضر ہوں ، یا اللہ میں حاضر ہوں، میں حاضر ہوں، تیرا کوئی شریک نہیں ۔ میں حاضر ہوں تمام تعریف اور نعمتیں تیرے ہی لیے ہیں اور ساری بادشاہت تیری ہی لیے ہے ، اس میں تیرا کوئی شریک نہیں۔
سوال: وقوف عرفہ کسے کہتے ہیں؟
جواب:میدان عرفات میں مخصوص وقت پہنچنے کو وقوف عرفہ کہتے ہیں۔
سوال: عمرہ کسے کہتے ہیں؟
جواب: احرام باندھ کر خانہ کعبہ کا طواف کرنے اور صفا و مروہ کے درمیان سعی کرنے کو عمرہ کہتے ہیں۔
سوال: زندگی میں کتنی مرتبہ حج کرنا فرض ہے؟
جواب: زندگی میں ایک مرتبہ حج کرنا فرض ہے جب کہ اس کے پاس مال ہو۔
سوال: جو شخص باوجود استطاعت کے حج نہ کرے وہ کیسا ہے؟
جواب: وہ شخص گنہگار ہے۔
سوال: حج کے لیے گھر سے روانہ ہوتے وقت حاجیوں کو کون سی دعا پڑھنی چاہیے؟
جواب: یہ دعا پڑھنی چاہیے:
بسمِ اللّٰہِ أمنتُ باللّٰہِ تَوکلْتُ علیٰ اللّٰہِ لا حولَ وَلا قُوَّۃَ ا8لا باللّٰہِ
ترجمہ: شروع کرتا ہوں اللہ کے نام سے میں اللہ پر ایمان لایا ، میں نے اللہ پر بھروسہ کیا مجھے گناہ سے بچنے اور نیک کام کرنے کی توفیق اللہ تعالیٰ کی مدد سے ہی حاصل ہوسکتی ہے۔
سوال: میقات مکانی کسے کہتے ہیں؟
جواب: وہ جگہیں جہاں پہنچ کر حج یا عمرہ کرنے والا احرام باندھتا ہے۔
سوال: میقات کتنی ہیں اور کن کے لیے کون سی ہیں؟
جواب:میقات پانچ ہیں : (۱)اہل مدینہ کے لیے ذوالحلیفہ۔ (۲) اہل شام کے لیے جحفہ۔ (۳) اہل نجد کے لیے قرن المنازل۔ (۴) اہل عراق کے لیے ذات عرق۔ (۵) اہل یمن کے لیے یلملم۔
سوال: وہ حجاج جو مندرجہ بالا ملکوں کے نہ ہو ان کے احرام باندھنے کے لیے کون سی میقات ہوگی؟
جواب:جو جس میقات کے راستے حج و عمرہ کرنے آئے وہی میقات ۔
سوال: ہندستان پاکستان اور بنگلہ دیش کے حاجیوں کے لیے کون سی میقات ہوگی؟
جواب: یلملم۔



Comments: 0

Your email address will not be published. Required fields are marked with *

0

Your Cart