رات کے ایک بج کر 16 منٹ۔۔۔۔۔

Views: 75
Avantgardia

رات کے دو پہر گزر چکے ہیں۔۔۔نرم وخنک ہوا کافی تیز ہے۔۔۔ جو جسم کو راحت و رامش سے ہمکنار کر رہی ہے۔۔۔آسمان پر سیاہ بادلوں نے اپنا ڈیرا جمایا ہوا ہے۔۔۔ پل پل کے وقفے سے بجلی کوند رہی ہے اور سیاہ نیلگوں چھت پر جگ مگ جگ مگ کر رہی ہے۔۔۔۔دوور دووور تک بھی کوئی ستارہ ٹمٹماتا نظر نہیں آرہا ہے۔۔۔۔

تیز اور کھاجانے والی گرمی کے اس موسم میں قصبات و دیہات والوں کے لیے ایسآ خوش گوار موسم بہت خوب صورت ہوتا ہے۔۔۔کیوں کہ عموما چھتوں پر سونے کی عادت ہوتی ہے اور ایسا موسم ٹھنڈی ہواؤں کی تھپکی سے نیند کا لطف دوبالا کردیتا ہے۔۔۔جیسا کہ صبحِ صادق کے وقت عموما فضا میں نمی آجاتی ہے۔۔۔۔جو نیند کے حسین جزیرے میں پہنچا دیتی ہے

اور ایسے موسم میں جب سب لوگ چاروں سمت سو رہے ہوں اور آپ جاگ کر دوور تک پھیلے ہوئے باغات کا نظارہ کریں ساتھ میں فولڈنگ یا چارپائی پر لیٹ کر یا کہیں چھت کے کنارے بیٹھ کر کھلے آسمان کے لا محدود جلوے اپنی محدود آنکھوں سے دیکھنے کی کوشش کریں تو ایک عجیب سی خوش گوار اور خوب صورت کیفیت ہوتی ہے۔۔۔۔۔

ایسے موسم میں خیالات بھی پاکیزہ ہوجاتے ہیں، صاف و شفاف سوچیں ذہن و دماغ میں گردش کرنے لگتی ہیں۔۔۔۔اور کچھ پرانی، مٹی مٹی سی دھندلی یادیں ذہن کے آئینے میں بالکل صاف و شفاف نظر آنے لگتی ہیں۔۔۔۔اور انسان انہیں پلوں کو دوبارہ جینے لگتا ہے۔۔۔اور جیسے ہی ہوا کا کوئی جھونکا اسے تصورات کی دنیا سے واپس کھینچ لاتا ہے تو وہ یہی تمنا کرتا ہے کہ اے کاش زندگی مجھے انہیں خوب صورت لمحات میں پہنچا دے۔۔۔۔جنہیں میں مزید خوب صورت بناکر اپنی سنہری یادوں میں ودیشی سونے کا پانی لگا کر اور خوب صورت طریقے سے محفوظ کرلوں۔۔۔۔۔

یہ موسم اس معنی کر بھی حسین ہے کہ یہ مومن کے دل میں خدواند قدوس کی جنت نعیم کا احساس جگاتا ہے اور یہ تصور ذہن میں لاتا ہے کہ جب دنیا کا یہ وقتی لطف اور فانی دنیا کی یہ فضا ایسی چاشنی بخشتی ہے تو اس دائمی جنت کا کیا عالم ہوگا۔۔۔۔ لا مثیل لھا ولا مثال لھا۔۔۔

موسم میں مزید تبدیلی آرہی ہے اور بادلوں میں بڑھتی سیاہی دل میں ایک طرح کا خوف بھی پیدا کر رہی ہے۔۔۔۔کہ معذّب قوموں کے لیے بھی ایسے بادل وبالِ جان بن جاتے تھے۔۔۔اور وہ جس کو نعمت سمجھ رہے ہوتے تھے وہی بادل انہیں خس و خاشاک میں ملا دیتے تھے۔۔۔۔لیکن خدا کی رحمت سے امید ہے کہ ہمارا مولا، نبی رحمتﷺ کے صدقے اپنی امت کو ایسے عذاب سے محفوظ رکھے گا۔۔۔گرچہ ہم بے حد گنہگار ہیں اور ہر وقت گناہوں کی وجہ سے ڈرتے رہنا بھی چاہیے۔۔۔۔لیکن ان شاءاللہ ایسے بادل اپنی اوٹ میں رحمت خداوندی ہی لیے ہوئے ہوں گے۔۔۔۔اور اب بارش کی ہلکی ہلکی پھوار آنے لگی ہے۔۔۔۔چھوٹی چھوٹی بوندیں امرت بن کر جسم پر گر رہی ہیں۔۔۔بارانِ رحمت کا پتہ دے رہی ہیں۔۔۔کہ اب بس بارانِ رحمت آیا ہی چاہتی ہے۔۔۔۔
رات کے اس پہر یہ موسم کی تبدیلی کے ساتھ ساتھ عجیب سے کچھ خیالات۔۔۔

تحریر: احمد_شجاعُؔ
بہ وقتِ شب: 01:16 منٹ
بہ تاریخ: 1441/1/7ھ
مطابق: 2019-9-7ء
شبِ اتوار

ahmadansari159@gmail.com

Comments: 0

Your email address will not be published. Required fields are marked with *

0

Your Cart