اہم خبریں

حضرت مفتی سعید احمد صاحب پالنپوری ؒکی رحلت ایک عہد اور ایک تاریخ کا خاتمہ

اکابــر علـمـاء کشـن گنــج کا اظـہـار تعـزیت

یہ خبر واقعتابڑی اندوہناک اور حلقہ علم میں بڑی ہی کربناک ہے کہ ازہر ہند دارالعلوم دیوبند کے شیخ الحدیث اور محدث وقت حضرت مولانا ومفتی سعید احمد صاحب پالنپوری ۲۵؍ رمضان المبارک ۱۴۴۱ھ مطابق ۱۹؍مئی ۲۰۲۰ء بروزمنگل صبح کے وقت ممبٔی میں علاج کے دوران اس دارفانی سے کوچ کرکے مالک حقیقی سے جاملے ،واضح رہے کہ ادھر تقریباً ۲؍ مہینوں سے حضرت کی طبیعت کچھ زیادہ خراب تھی ، اس موقع پر جمعیۃ علماء بہار کے صدر محترم حضرت مولانا ومفتی محمد جاوید اقبال صاحب قاسمی ، حضرت مولانا محمد غیاث الدین صاحب قاسمی صدر جمعیۃ علماء کشن گنج ، جناب مفتی محمد مناظر نعمانی صاحب قاسمی ترجمان وسکریٹری جمعیۃ علماء کشن گنج نے مشترکہ طور پر اپنے تعزیتی بیان میں کہا : موت ایک اٹل قانون ہے ، ا س سے کسی کو مفر نہیں مگر حضرت مفتی صاحب کے انتقال سے پوری ملت اسلامیہ کا جو عظیم خسارہ ہوا ہے اس کی تلافی اب ممکن نظر نہیں آتی ، حضرت مفتی صاحب تقریباً گذشتہ نصف صدی سے مادرعلمی دارالعلوم دیوبند کے مایہ ناز استاذ تھے ، ہر دور میں ان کا درس بہت مقبول اور وہ طلبہ میں بے حد محبوب رہے ، ادھر ۲۰۰۸ء سے وہ دارالعلوم دیوبند کے سب سے مؤقر عہدہ صدر المدرسین اور شیخ الحدیث پر فائز تھے ، آپ نے حدیث، فقہ ، فتاوی ، تفسیر اور دیگر مختلف علوم وفنون پر چالس سے زائد کتابیں تصنیف کیں، آپ کی جملہ تصانیف میں آپ کی علمی گیرائی اور فنی گرفت کوئی بھی محسوس کرسکتا ہے، بالخصوص آپ فکر ولی الٰہی اور فکر قاسمی کے بہترین ترجمان تھے، آپ دارالعلوم دیوبند کے مفتی اعظم حصرت مولانا مفتی مہدی حسن صاحب رحمہ اللہ کے خاص شاگرد تھے ، اس لئے آپ کی طبیعت اور مزاج دونوں میںفقہی تصلب کا عنصر نمایاں تھا ، اور دارالعلوم دیوبند کی اعلیٰ فقہی مجلس میں ممتاز رکن کی حیثیت رکھتے تھے، آپ تدریس وتالیف اور وعظ وارشاد کے ساتھ ساتھ جمعیۃ علماء سے گہری وابستگی رکھتے تھے اور جمعیۃ علماء ہند کی ’’ادارۃ المباحث الفقہیہ ‘‘ کے زیر اہتمام فقہی سیمیناروں میں خصوصیت سے شریک ہوتے اور نئے پیش آمدہ مسائل میں امت کی راہنمائی فرماتے، اس طرح ان کی رحلت نہ صرف ان کے خانہ بلکہ دارالعلوم دیوبند اور جمعیہ علماء ہند کے ساتھ پوری ملت اسلامیہ کا عظیم خسارہ ہے، ہم اس موقع پران کے اہل خانہ اور پوری ملت کو تعزیت مسنونہ پیش کرتے ہیں اور دعا کرتے ہیں کہ رب کریم ان کی خدمات کو بے حد قبول فرمائے اور انہیں جنت نعیم میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے ، آمین۔ ہم تمام مسلمانوں سے ؛اور بالخصوص تمام اراکین جمعیۃ علماء کشن گنج سے حضرت کے لئے ایصال ثواب کی درخواست کرتے ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
%d bloggers like this: