دعا طاقتور اور کمزور لوگوں کا ہتھیار ہے دارالعلوم اسراریہ سنتوش پور میں مولانا مکی کا خطاب
کولکاتہ : سچائی ہمیشہ انسان کو خیر اور کامیابی کا راستہ دکھاتی ہے۔ اللہ رب العالمین نے سورہ توبہ میں ارشاد فرمایا کہ اے لوگو! تقوی اختیار کرو اور سچے لوگوں میں سے ہوجاؤ۔ ان خیالات کا اظہار مکۃ المکرمہ صولتیہ مدرسہ کے استاذ حدیث، پیر طریقت حضرت مولانا عبدالحفیظ مکی کے بڑے صاحبزادے مولانا عبدالرؤف مکی خلیفہ حضرت طلحہ پیرجی سہارنپوری نے حفظ و تجوید کے مشہور ادارے دارالعلوم اسراریہ سنتوش پور میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے لین دین، معاملات اورذمہ داریوں کو نبھانے میں ایمانداری اور سچائی سے کام لینا چاہیے۔عقائد اور اپنے معاملات کو درست کرنے کی کوشش کرنی چاہئے۔ اسلام ہمیں ان باتوں پر قائم رہنے کی تاکید کرتاہے۔انہوں نے کہا کہ دعا طاقتور اور کمزور لوگوں کا ہتھیار ہے, انبیاء اور پاکیزہ لوگوں کی پناہ گاہ ہے اور اس کے ذریعے مصیبتیں ٹل جاتی ہیں اور برکتیں و رحمتیں نازل ہوتی ہیں-
مولانا مکی نے اس بات پر بھی زور دیا کہ عصر حاضر کے تناظر میں محسن انسانیتﷺ کی
تعلیمات کو عام کیا جائے۔آپﷺ
نے چھوٹوں پر شفقت اور بڑوں کی تعظیم کی ہدایت فرمائ ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم بسوں اور دیگر عام گاڑیوں میں بغیر کسی مذہبی تفریق کے اکرام، مریضوں کی عیادت اور تیمارداری کریں۔راستے سے تکلیف دہ چیزوں کو ہٹائیں، راستوں میں بے ترتیب گاڑیاں کھڑی نہ کریں، اچھی سوسائٹی کے لیے ان تمام باتوں پر دھیان دینا ضروری ہے۔نبیﷺکے مزاج کا اثر تھا کہ سخت مزاج لوگ بھی آپﷺ سےقریب ہوجاتے اور آپ سے محبت کرنے لگتے،
تعلیمات نبوی کے مطابق اللہ کو وہ شخص پسند ہے جو اپنے رزق کے حصول میں تھکا ہوا ہو۔آپﷺنے مدینہ منورہ میں جہاں مسجد تعمیر کی، وہیں سوق المدینہ کے نام سے مارکیٹ بھی بنوائی تھی۔
مولانا مکی نے پروگرام سے پہلے دارالعلوم اسراریہ کے بچوں کاتعلیمی وتربیتی جائزہ بھی لیا، اور حفظ قرآن کے بعد دور کرنے والے طلباء سے مختلف مقامات سے سوالات بھی کیے انہوں نے شہر سے باہر اور اہل خیر حضرات کی پہنچ سے دور بنیادی سہولتوں سے محروم علاقے میں قائم دارالعلوم اسراریہ میں مقیم دوسو سے زائد بچوں کے تعلیمی وتربیتی انتظامات، بچوں کے حافظہ کی مضبوطی، تجوید ومخارج اور صحت کی ادائیگی پر خصوصی محنت کو دیکھ کر دارالعلوم اسراریہ سنتوش پور کے مہتمم مولانا نوشیر اور اساتذہ کرام کی محنتوں کو سراہتےہوۓ دعائیں دیں۔ پروگرام میں مدرسہ عربیہ برنپور کے نائب مہتمم مولانا یوسف فریدی، مولانا اشفاق احمد خلیفہ حضرت مولانا اشتیاق مظفر پوری،مسجد عبدالحمید کے امام وخطیب مفتی خلیل کوثر، مدنی مسجد کے امام مفتی خطیب، اے ایم یو اولڈ بوائز کے جنرل سیکرٹری انجنیئر وقار احمدکے علاوہ ایک بڑی تعدادنے شرکت کی۔ آخر میں مدرسہ کے مہتمم مولانا نوشیر احمد نے تمام مہمانان اور شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوۓکہا کہ یہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ مہمانان گرامی نے اپنی مصروفیات کے باوجود
دارالعلوم اسراریہ کے لیے وقت نکالا۔ خاص طور سے مولانا مکی نے یہاں آکر ہماری حوصلہ افزائی کی اور اپنے مفید مشوروں سے نوازا.