اہم خبریں

مفتی سعید احمد پالن پوری رحمہ اللہ کے انتقال سے پوری علمی دنیا سوگوار جمعیت علماء بسنت راءے گڈا نے اظہارِ تعزیت کیا

گڈا جھارکھنڈ

ازہر ہند دار العلوم دیوبند کے مایہء ناز شیخ الحدیث مولانا مفتی سعید احمد پالن پوری کے انتقال پر ملال سے نہ صرف دار العلوم دیوبند کے فضلاء اور حضرت قدس سرہ کے متعلقین و منتسبین سو گوار ہیں بلکہ آج پوری علمی دنیا غمزدہ ہے. ہر کوئی جو حضرت والا کے علمی مقام سے واقف ہے اس کے دل میں یہ آرزو ٹیسیں مار رہی ہے کہ کاش حضرت والا کے علمی افادہ کا سلسلہ ابھی اور جاری رہتا، مگر کیا کیا جائے، اے بسا آرزو کہ خاک شدہ، بطور خاص جن لوگوں نے حضرت والا سے علمی استفادہ کیا ہے آج ان کے دلوں کی ترجمانی کرنے والا کوئی نہیں، بہت سے ایسے لوگ ہیں جن کے آنکھوں سے آنسو جاری ہیں اور بہت سے لوگ وہ ہیں جن کا دل سخت صدمے سے دو چار ہے، اور سب سے زیادہ کوفت کی بات یہ ہے کہ حضرت والا کی رحلت ایسے وقت ہوئی کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے ان کے جنازہ میں شرکت محال ہوگئی.

غم و اندوہ کی اس گھڑی میں جمعیت علماء بسنت راءے گڈا، حضرت والا کے ان تمام متعلقین منتسبین اور عقیدت مندوں سے اظہارِ تعزیت کرتی ہے، اللہ تعالیٰ ہمیں بھی اور آپ تمام لوگوں کو صبر جمیل عطا فرمائے، کیونکہ موت کا وقت مقرر ہے اس سے کوئی مستثنٰی نہیں، اللہ تعالیٰ دار العلوم دیوبند کو اور ملت اسلامیہ کو ان کا نعم البدل نصیب فرمائے، اور حضرت والا کو اعلی علیین میں جگہ نصیب فرمائے اور ان کے درجات کو بلند فرمائے آمین،

اس موقع پر جمعیت علماء بسنت راءے کے صدر مفتی محمد سفیان قاسمی نے مفتی سعید احمد پالن پوری کی رحلت کو قوم و ملت کا عظیم خسارہ بتایا، جبکہ ناظم اعلیٰ مفتی نظام الدین قاسمی نے کہا کہ حضرت والا کی رحلت سے ہم یتیم ہو گئے، اور سکریٹری مفتی زاہد امان قاسمی نے کہا کہ حضرت والا خدا داد صلاحیت رکھنے کے ساتھ مشکل سے مشکل مضامین کو چٹکیوں میں حل کر دینا اور غبی سے غبی طالب علم کو سمجھا دینا ان کا خاص ملکہ تھا، اس موقع پر جمعیت علماء بسنت راءے کے دیگر اراکین مولانا محمد سرفراز قاسمی، مولانا شمیم صاحب کوریانہ اور دیگر نے بھی اپنے قلبی تاثرات بیان کئے،

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close
%d bloggers like this: