مکتب شیخ الہندکا جمعیۃ علماء ضلع غازی پور کے اراکین نے تعلیمی جائزہ لیا نامہ نگار۔ خاطر احمد
مکتب شیخ الہندکا جمعیۃ علماء ضلع غازی پور کے اراکین نے تعلیمی جائزہ لیا نامہ نگار۔ خاطر احمد
مدرسہ اشاعت العلوم کی شاہی مسجد واقع فتح پور سکندر ، سٹی ریلوے اسٹیشن ضلع غازی پور میں قائم مکتب شیخ الہند زیراہتمام جمعیۃ علماء ضلع غازی پور ۲۷/ فروری ۲۰۲۲ء کو بعد نماز مغرب جمعیۃ علماء ضلع غازی پور کے اراکین نے پہنچ کر تعلیم کا جائزہ لیا بعد ہ مولانا انس حبیب قاسمی ؔ جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء ضلع غازی پور نے اپنے بیان میں کہا کہ ان حالات میں اس بات کی شدّت سے ضرورت محسوس ہوتی ہے کہ جزوقتی مکاتب کے اس پورے نظام کا حقیقت پسندانہ جائزہ لیاجائے۔ یہاں دی جانے والی تعلیم کے اثرات کاجائزہ لیاگیا اور اصلاح حال کا ایک جامع اور وسیع منصوبہ یہاں بنایا گیا ہے۔
الحمد للہ مولانا نے کہا غازی پور میں دینی تعلیمی بورڈ جمعیت علماء ہند کا یہ پہلا مکتب ہے جو ہر اعتبار سے بہتر ہے انشاء اللہ الکشن کے بعد اس سلسلے کی سب سے پہلی کڑی جزوقتی مکاتب کے اساتذہ کی تربیت کے ایک پروگرام کو بروئے کار لایاجائے گا، جس میں قرآنی تعلیم کے تئیں اِس روایتی انداز کو بدلاجائے گا۔ اجتماعی طریقے سے قرآنی تعلیم کی تربیت دی جائے گی۔ اس بات کی بھی تربیت دی جائے کہ وہ معصوم ذہنوں میں بچپن ہی سے اس بات کو راسخ کریں کہ قرآن کتاب ہدایت ہے اور بتدریج اِن بچوں کے سن و سال کے لحاظ سے قرآنی واقعات اور قرآنی احکام ان کے ذہن نشیں کیے جائیں۔ قرآن مجید کے آخری پارے کی بیشتر سورتیں بلکہ مکمل پارہ ان کو بامعنی یاد کرایاجائے۔ تاکہ نماز میں بار بار پڑھی جانے والی ان سورتوں کے معانی ومطالب بچوں کے ذہن نشیں ہوجائیں اور بڑی عمرمیں پڑھی جانے والی نمازوں میں خشوع پیداہو۔ دیگر مکاتب کے اساتذہ کو تعلیم کے جدید طریقوں کی واقفیت دی جائے،اور بچوں کی نفسیات سے واقف کرایاجائے تاکہ وہ بچوں کی ذہنی سطح کے مطابق تعلیم و تربیت کاکام انجام دے سکیں اور مکاتب کانظام تعلیم و تربیت بھی پرُکشش اور دلچسپ بن سکے اور ان مکاتب میں بچوں کا رجوع بڑھ سکے اور وہ ذوق و شوق کے ساتھ ان میں شریک ہوسکیں اور قرآنی تعلیم اور دینیات کی تعلیم سے صحیح طورپر فیض یاب ہوسکیں۔
مولانا محمد نعیم الدین غازی پوریؔ سکریٹری جمعیۃ علماء شہرغازی پور ومدرسہ اشاعت العلوم کے ناظم اعلیٰ نے اپنے مختصر بیان میں چھ باتوں کا تذکرہ کیا ۔۱۔جزوقتی مکاتب کے سلسلے کو وسیع کیاجائے۔۲۔ ان امور و معاملات میں ملت کے ارباب حل و عقد میں دلچسپی لیں۔۳۔جزوقتی مکاتب کے اس پورے نظام کو ملت کے بچوں کی دینی تعلیم و تربیت کے ایک وسیع نیٹ ورک کے طورپر قائم کیاجائے تاکہ ملت کاکوئی بچہ ابتدائی دینی تعلیم وتربیت سے محروم نہ ہو۔۴۔جزوقتی مکاتب کے لیے دینی تعلیم و تربیت اور قرآن پڑھنے کادینی تعلیمی بورڈ جمعیۃ علماء ہند کے نصاب غازی پور کے تمام مکتب میں جاری کۓ جائیں ۔۵۔جزوقتی مکاتب کے پورے نظام کو بچے کے لیے پُرکشش اور دلچسپ بنایاجائے تاکہ ان میں بچوں کارجوع بڑھے اور سرپرست بھی ا س کی اہمیت کو محسوس کرسکیں۔۶۔ مدارس کے فارغین اور وہ دین دار جو جدید تعلیم یافتہ ہیں، لیکن بچوں کی دینی تعلیم و تربیت سے دلچسپی رکھتے ہیں، وہ اس سلسلے میں پیش قدمی دکھائیں اور اس نظام کو مؤثر بنانے میں دلچسپی لیں۔
مفتی عبد اللہ فاروق قاسمی ؔ صدر جمعیۃ علماشہر غازی پور نے دعا کرا ئی مکتب کے طلبا کے علاوہ مکتب شیخ الہند کے استاد صاحب علی ،ماسٹر عابد حسین انصاریؔ نائب صدر جمعیۃ علماء شہر غازی پور ؔ،مولانا اسرا رالحق ثاقبیؔ، حافظ ابرار احمد ، مداح رسول شمشاد احمد انصاری ،محمد خالد انصاری ؔ ، محمد علی شیر راعین، محمد ارمان انصاری ؔ محمد سیف ، راشد احمد راعین ،محمد اثمار وغیرہ موجود تھے۔