دنیا کے ہر محاذ پہ ہم فتحیاب ہیں
قائد اگر ہمارے رسالتؐ مآب ہیں
عزت مآب کل بھی تھے اصحاب آپؐ کے
ان کے غلام آج بھی عالی جناب ہیں
حسنینؓ آنکھیں فاطمہؓ دل ہیں رسولؐ کا
دل کے قریب شیر خدا بو ترابؓ ہیں
طہ ہو یا مزمل و احمد ہو یا منیر
”جتنے بھی نام آپ کے ہیں لاجواب ہیں“
کرتے ہیں جو اطاعت سرکار بالیقین
واللہ دوجہان میں وہ کام یاب ہیں
صدیقؓ ہوں عمرؓ ہوں کہ عثمانؓ یا علیؓ
روشن رسول پاک سے یہ ماہتاب ہیں
پڑھ کر درود پاک جو مانگیں ہیں آپ نے
دعوات وہ خدا کے یہاں مستجاب ہیں
ہے مغفرت کی آس شفاعت رسول کی
میرے گناہ میرے خدا بے حساب ہیں
گرداب میں سفینہ ہے دانش کی قوم کا
رہبر مگر حضور ابھی محو خواب ہیں
Like this:
Like Loading...
Related
Back to top button