اہم خبریں

جمعیۃ علماء ہند کی طرف سے معروف وکیل شکیل احمدسید کے انتقال پر اظہار رنج و غم

نئی دہلی25/ نومبر2020ء
جمعیۃ علماء ہند کی مجلس عاملہ کے موقر رکن اور سپریم کورٹ کے معروف وکیل شکیل احمد سید کے سانحہ ارتحال پر صدر جمعیۃ علما ء ہند مولانا قاری سید محمد عثمان منصورپوری اور جنرل سکریٹری مولانا محمود مدنی نے گہرے رنج والم کا اظہار کیا ہے۔مرحوم 1982 سے سپریم کورٹ کے ایڈوکیٹ آن ریکارڈ تھے۔ساتھ ہی 1984ء سے جمعیۃ علماء ہند کی مجلس عاملہ کے مدعو خصوصی اور دسمبر 1999ء سے تادم واپسیں اس کے مستقل رکن رہے۔24/نومبر کی شام چھ بجے گروگرام کے میدانتا ہسپتال میں انھوں نے آخری سانس لی،25/نومبر کو دہلی گیٹ قبرستان میں تدفین عمل میں آئی۔مرحوم کا اصل وطن فیض آباد یوپی کاایک گاؤں سنکھری ہے جہاں وہ یکم اگست 1952ء کو پیدا ہوئے۔ وہ نہایت وضع دار، شریف النفس، غریب پرور، خوش مزاج، نرم گفتار اور اعلی کردار کی حامل شخصیت کے مالک تھے، انھوں نے متعدد ملی و قومی مسائل میں سپریم کورٹ میں جمعیۃ علماء ہند،ریاستی وقف بورڈس اور مسلم پرسنل لاء بورڈ کی نمایندگی کی۔ اس وقت بھی وہ جمعیۃ علما ء ہند کی طرف سے چند اہم مقدمات میں ایڈوکیٹ آن ریکارڈ ہیں، حضرت فدائے ملت نوراللہ مرقدہ نے ان کو اپنے مشیروں میں ایک معتمد ساتھی کے طور پر شریک کیا اور وہ ہمیشہ جمعیۃ علماء ہند کی مختلف کمیٹیوں اور تحریکوں میں اہم رکن اور مشیر کے طور پر شامل رہے۔ جمعیۃ علماء ہند ایسی لائق فائق شخصیت کی غیر موجودگی کاہمیشہ احساس کرتی رہے گی۔
صدر جمعیۃعلماء ہند و ناظم عمومی نے مرحوم کے جملہ پسماندگان کی خدمت میں دلی ہمدردی و تعزیت مسنونہ پیش کی ہے اوردعاگو ہیں کہ اللہ تعالی مرحوم کو جنات عدن میں مقام اعلی عطا فرمائے او رپسماندگان کو اپنے اسلاف کے نقش قدم پر چلنے کی توفیق عطا فرمائے۔اس موقع پر جماعتی احباب و متعلقین و ائمہ مساجد سے پرخلوص اپیل کی جاتی ہے کہ مرحوم کے لیے دعائے مغفرت و ایصال ثواب کا اہتمام کریں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close