اہم خبریں

جمعیت نے دہلی فساد متاثرین کے لیے مکانات کی تعمیر کا آغاز کیا

فساد زدہ علاقہ شیووہار میں جمعیۃ کے ذریعہ تعمیراتی کاموں کا افتتاح

نئی دہلی۔14؍مارچ

جمعیۃ علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا محمود مدنی کی قیادت میں مشرقی دہلی کے فساد زدگان کے لیے آج سے باضابطہ مکانات کی تعمیر کا کام شروع ہو گیا ہے ۔ اس موقع پر شیوہار کالونی میں مفتی سید محمد عفان منصورپوری( مدعو خصوصی مجلس عاملہ جمعیۃ علماء ہند و صدر المدرسین جامع مسجد امروہہ)نے خصوصی دعاء کرائی ۔شیووہار شمشان گھاٹ کے پاس کے ایک فساد متاثر ہ مکان کے باہر جمعیۃ علماء ہند کے کارکنان اور مقامی ذمہ دار حضرات جمع ہوئے اور اس گھر میں تعمیراتی کاموں کا آغاز ہوا۔مفتی محمد عفان منصورپوری نے اپنے مختصر خطاب میں امن وامان کے قیام اور باہمی میل ملاپ پر زور دیا ۔ اس موقع پر جمعیۃ علماء ہند کے سکریٹری مولانا حکیم الدین قاسمی کا بھی خطاب ہوا۔

بعد میں جمعیۃ کے نمایندگان نے اندراوہار میں واقع شہید محمد مرسلین کے گھر جاکر لواحقین سے ملاقات کی جس کی لاش کل گزشتہ جی ٹی بی ہسپتال سے بازیاب ہوئی ہے ۔مرسلین ۲۵؍فروری کو مراد نگر سے دہلی آرہا تھا،لیکن وہ گھر نہیں پہنچ سکا ۔ ان کے بھائی حفیظ الدین نے جی ٹی بی ہسپتال وغیرہ میں کئی بار جاکر اس کی باقیات کو تلاشا ، لیکن وہ ندارد تھا ۔ اس سلسلے میں جمعیۃ علماء ہند کی طرف سے ایڈوکیٹ نیاز احمد فاروقی اور ایڈوکیٹ محمد نوراللہ نے دہلی ہائی کورٹ میں ۱۲؍مارچ کو عرضی داخل کی تھی ، لیکن اگلے دن ہی تھانے سے کال آگئی کہ اہل خانہ ایک لاش کی شناخت کرلے ، بعد میں جی ٹی بی ہسپتال میں ہی اس کی لاش ملی۔ جمعیۃ علماء ہند کے وفد نے ان کے دو یتیم بچوں سے ملاقات کی اور مرحوم کی مغفرت کے لیے پرسوز دعاء کی، یتیم بچوں کے ہاتھ میں جمعیۃ کی طرف سے نقد رقم دی گئی۔ نیز جمعیۃ علماء ہند نے اعلان کیا کہ ان کو انصاف دلانے کے لیے ہر ممکن مددکی جائے گی ۔ اسی طرح کل جمعہ کو جمعیۃ کی نگرانی دو ہفتہ گزرنے کے بعد طیبہ مسجد کراول نگر میں پہلی بار جمعہ کا اہتمام ہواجس کی وجہ سے آس پاس کے مسلمانوں میں کافی اعتماد پیدا ہوا، وہاں نماز جمعہ سے قبل مولانا مفتی اسجد قاسمی صدر جمعیۃ علماء احمد آباد نے خصوصی خطاب کیا ۔ یہاں جمعیۃ یوتھ کلب کے نوجوان میں انسانی خدمت میں مصرو ف ہیں ، ان کے نگراں ماسٹر ہدایت اللہ صدیقی ، مولانا رفاقت، مولانا واصف ، وعظ امن اپنی ٹیم کے ساتھ سرگرم ہیں ۔

آج جمعیۃ علماء ہند کے وفد میں مولانا حکیم الدین قاسمی سکریٹری جمعیۃ علماء ہند ، مفتی محمد عفان منصورپوری ، مولانا دائود امینی، مولانا قاری عبدالسمیع ، مولانا جمال قاسمی، مولانا عرفان قاسمی ، مولانا ضیاء ا للہ قاسمی ، مولانا غیور قاسمی اور مولانا عظیم اللہ صدیقی شریک ہوئے ۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close