اسلامیات

روزہ کا ایک بنیادی مقصد تقوی کا حصول ہے

افادات :عارف باللہ حضرت مولانا محمد عرفان صاحب مظاہری دامت برکاتہم گڈا جھارکھنڈ

رمضان المبارک میں اللہ تعالیٰ نے تمام ایمان والوں کے لئے روزہ رکھنا فرض قرار دیا ہے، پورے رمضان کے روزے فرض کرنے میں کئی مقاصد کار فرما ہیں، ایک بنیادی مقصد یہ ہے کہ ایک ایمان والا تقوی کی اعلی صفات سے متصف ہو جائے ، اور ایک مومن بندہ رفتہ رفتہ تقوی کے اعلی درجہ پر فائز ہو جاءے.

اللہ تعالیٰ نے قرآن کریم میں فرمایا *یا ایھا الذین آمنوا کتب علیکم الصیام کما کتب علی الذین من قبلکم لعلکم تتقون* اے ایمان والو، تم پر یہ روزے فرض کئے گئے جیسا کہ تم سے پہلے لوگوں پر فرض کئے گئے تھے تاکہ تم متقی بن جاؤ(سورہ البقرہ)

اس آیت میں اللہ تعالیٰ نے واضح انداز میں رمضان المبارک کے روزے فرض کرنے کا مقصد بیان فرما دیا ہے اور وہ یہ کہ ایک ایمان والا متقی اور پرہیز گار بن جاءے. پھر متقی بننے کا فائدہ کیا ہوگا اس کو دوسری جگہ اللہ تعالیٰ نے مختلف انداز میں بیان فرمایا ہے چنانچہ کہیں کہا کہ متقیوں کے لئے کامیابی ہے، *ان للمتقین مفازا* کہیں فرمایا کہ متقی لوگ باغات اور چشموں میں ہوں گے *ان المتقین فی جنت و عیون* اور کہیں فرمایا *ان اکرمکم عند اللہ اتقاکم* تم میں سے اللہ کے نزدیک سب سے زیادہ معزز وہ شخص ہے جو تم میں سب سے زیادہ متقی ہو.

ایک مومن بندہ کے لئے دنیا و آخرت کی کامیابی اسی صورت میں ہے جبکہ اس کی زندگی میں تقوی ہو اور اس کا ہر ہر عمل تقوی پر مبنی ہو، اور تقوی یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ کا خوف ہر وقت ذہن پر اس طرح طاری رہے کہ بندہ کوئی کام کرنے سے پہلے یہ سوچے کہ یہ کام اللہ کی رضامندی کا سبب ہے یا ناراضگی کا سبب ہے، وہ اللہ تعالیٰ کے اوامر کو بجا لاءے اور منہیات سے پرہیز کرے اور اوامر و نواہی کو بجا لاتے ہوئے، ہر ہر عمل میں اللہ تعالیٰ کی جانب سے قبول کئے جانے کی امید بھی ہو اور رد کئے جانے کا خوف بھی ہو. اور یہ تقوی جس درجہ کا ہوگا اللہ تعالیٰ کے نزدیک وہ اتنا ہی معزز اور محبوب ہوگا.

خلاصہ ء کلام یہ ہے کہ روزہ کا مقصد تقوی کا حصول ہے، جو آدمی پورے اخلاص و آداب کے ساتھ روزہ رکھے گا تو رفتہ رفتہ اس کے اندر تقوی کی اعلی صفات پیدا ہو جائیں گی اور جب ایسا ہوگا تو وہ اللہ کی نظر میں محبوب ہوگا، وہ جنت کا مستحق ہوگا اور دنیا و آخرت کی سعادتیں اس کو حاصل ہوں گی، اللہ تعالیٰ ہمیں مکمل اخلاص اور تمام آداب کے ساتھ روزہ رکھنے کی توفیق عطا فرمائے اور ہمیں تقوی والی زندگی نصیب فرمائے آمین

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close