اہم خبریں

مفتی سعید احمد صاحب پالن پوری کی وفات سے جمعیت کو صدمہ

صدر و جنرل سیکرٹری جمعیت علمائے ہند کا اظہار تعزیت

نئی دہلی19/ مئی 2020ء
جمعیۃ علماء ہند کے صدرامیر الہند مولانا قاری سید محمد عثمان منصورپوری اور ناظم عمومی مولانا محمود مدنی نے دارالعلوم دیوبند کے انتہائی موقر شیخ الحدیث و صدرالمدرسین حضرت مفتی سعید احمد صاحب پالن پوری کی وفات حسرت آیات پردلی رنج و الم ظاہرکیا ہے. دارالعلوم دیوبند میں درس و تدریس کے اڑتالیس سالہ دورمیں ہزارہا تشنگان علوم آپ کے سرچشمہ فیض سے بلاواسطہ فیضیا ب ہوئے. آپ جیسے کریم النفس صاحب تقوی مشفق استاذ کا سایہ بہت بڑ ی سعادت اور ان کی وفات بڑی محرومی اور عظیم نقصان ہے۔ آپ کی ذات ستودہ صفات بہت سی علمی و عملی خوبیوں کا مظہر تھی۔رحمۃ اللہ الواسعہ شرح حجۃ اللہ البالغہ، افادات درس ترمذی ’تحفۃ المعی‘ افادات درس بخاری’تحفۃ القاری‘ زبدۃ الطحاوی،داڑھی اور انبیاء کی سنتیں، حرمت مصاہرت، العون الکبیر وغیرہ ان کی بہترین تصنیفات ہیں، ان کے علاوہ انھوں نے متعدد علمی و فقہی کتابیں لکھی ہیں۔
مولانا موصوف کل ہند مجلس تحفظ ختم نبوت دارالعلوم دیوبند کے ابتدا سے تا حیات ناظم عمومی رہے، انھوں نے دارالعلوم دیوبند میں بوقت ضرورت فتاوی نویسی فرمائی اور اہم فتاوی کے جوابات کی نگرانی فرماتے۔ آپ نے ہمیشہ جمعیۃ علماء ہند اور اکابر جمعےۃ سے خصوصی تعلق رکھا اور دارالعلوم دیوبند سے فراغت کے بعد 1384 ھ میں دارالعلوم اشرفیہ راندیر سورت میں درجہ علیا کے استاذ مقرر ہوئے تو وہاں جمعیۃ علماء کی سرگرمیوں سے باضابطہ وابستہ ہوئے اور مسلسل نو سال تک جمعیۃ علماء راندیر کے ناظم بھی رہے۔حضرت فدائے ملت مولانا اسعد مدنی ؒ ان سے مشورہ فرماتے اور جب بھی مباحث فقہیہ جمعیۃ علماء ہند کے اجتماعات منعقد ہوتے ان کو خصوصی طور سے مدعو فرماتے۔حضرت مولانا سال گزشتہ بھی مباحث فقہیہ کے اجتماع میں شریک ہوئے، وہ فقہ حنفی کے برصغیر میں نامور عالموں میں تھے اور دلائل کی قوت سے مسلک احناف کو عصر حاضر کے مسائل کا بہتر ین حل کے طور پر پیش کرتے۔
جمعیۃ علماء حضرت مولانا کے پسماندگان سے دلی ہمدرردی ظاہر کرتی ہے اور دست بہ دعا ہے کہ اللہ تعالی آٖ پ کو زمرہ صالحین میں مقام اعلی عطا فرمائے اور انبیاء و صدیقین کا رفیق بنائے، نیز اہل خاندان، اولادو رفقاء،ہزارہا تلامذہ اور ہم متوسلین کو صبرو استقامت کے ساتھ اس غم کو برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔
جمعیۃ علماء ہند اپنے تمام جماعتی احباب،دینی مدارس کے ذمہ داروں سے مولانا مرحوم کے لیے ایصال ثواب اور دعائے مغفرت کے اہتمام کی اپیل کرتی ہے۔ ممبئی میں صبح حضرت مولانا موصوف کی انتقال کی خبر موصول ہوتے ہی جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا قاری سید محمد عثمان منصورپوری نے دیوبند میں ان کے گھر جا کر برادر خورد حضرت مفتی امین پالن پوری صاحب اور مفتی صاحب مرحوم کے صاحبزادگان و دیگر اہل خانہ سے تعزیت مسنونہ پیش کی۔ نئی دہلی میں جمعیۃ علماء ہند کے دفتر میں بعد نماز ظہر ایک تعزیتی نشست بھی منعقد ہوئی جس میں دعائے مغفرت کی گئی اس میں جمعیۃ علماء ہند کے سکریٹری مولانا حکیم الدین قاسمی، مولانا کلیم الدین قاسمی، مولانا عرفان، مولانا نجیب اللہ قاسمی، مولانا ضیاء اللہ قاسمی، مولانا یاسین جہازی،مولانا عظیم اللہ قاسمی سمیت دفتر میں موجود سبھی اسٹاف شریک ہوئے۔
۔۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close