مضامین

مولانا عبدالغفور صاحب لدھیانوی، مولانا محمد علی صاحب کاندھلوی ،مولانا عطاء اللہ شاہ صاحب بخاری اور مولانا عبد الکافی صاحب کی گرفتاریاں: جمعیت کا دائرہ حربیہ یا مجلس حربی قسط نمبر (7)

محمد یاسین جہازی 9891737350

15اکتوبر 1930کو مولوی عبد الغفور صاحب لدھیانوی کو گرفتار کیا گیا۔
”15اکتوبر۔ آج گیارہ بجے دوپہر چودھری امام الدین صاحب سب انسپکٹر تھانہ صدر بازار دائرہ حربیہ پہنچے اور مولوی عبد الغفور صاحب لدھیانوی سے کہا کہ آپ کا وارنٹ گرفتاری ہے۔ مولوی صاحب فورا سب انسپکٹر صاحب کے ہمراہ تانگہ میں سوار ہوگئے۔ سب انسپکٹر صاحب کا رویہ بہت اچھا تھا اور آپ تنہا آئے تھے۔ مولانا عبدالغفور صاحب دیوبند سے آنے والے پہلے وفد کے ارکان میں سے ہیں، جنھوں نے دائرہ حربیہ جمعیت علمائے ہند کو رضاکارانہ خدمات پیش کی تھیں۔
مولوی صاحب نے دہلی اور مضافات دہلی میں بہت سی تقریریں کیں اور کل شب کو ہی دورہ سے واپس آئے تھے۔“ (الجمعیۃ20 اکتوبر1930)
آپ کو زیر دفعہ 17 (1)ضابطہ فوجداری مقدمہ چلایا گیا اور چھ ماہ قید محض کی سزا سنائی گئی۔
”گوجر نوالہ جمعیت علمائے ہند کی مجلس عاملہ کے رکن اور جامع مسجد گوجر نوالہ کے خطیب مولوی عبد الغفور صاحب کو ایڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ نے قانون ترمیم ضابطہ فوجداری کی دفعہ 17(ب) کے ماتحت تین ماہ قید سخت اور پچاس روپیہ جرمانہ کی سزا دی۔ (الجمعیۃ 13 نومبر1930)۔
مولانا محمد علی صاحب رکن دائرہ حربیہ کی گرفتاری
مولانا محمد علی صاحب رکن دائرہ حربیہ جمعیت علماکو گرفتار کرکے چھ ماہ قید محض کا حکم سنایا گیا۔
”ڈسٹرکٹ جیل میں مجسٹریٹ نے مولانا محمد علی صاحب کاندھلوی کے مقدمہ کا بھی فیصلہ سنادیا۔ آپ کو پانچ ماہ قید محض کا حکم سنایا گیا۔ ہمیں تعجب ہے کہ جمعیت علمائے ہند کے کارکنوں اور علمائے امت سے حکومت کو ایسی کیا دشمنی ہے کہ اس کے عمال ان کے علم و فضل، شرافت ذاتی اور تہذیب و تمدن کے باوجود سی کلاس میں ٹھونس رہی ہے۔
جناب مولانا صبغۃ اللہ صاحب بختیاری، حضرت مولانا نور الدین صاحب نائب ناظم جمعیت علمائے ہند کے بعد مولانا محمد علی صاحب کو بھی سی کلاس میں ہی رکھا گیا۔ کیا مسلمانان ہند کے لیے یہ واقعات تازیانہ عبرت نہیں ہیں۔“(الجمعیۃ9نومبر1930)۔
مولانا عطاء اللہ شاہ صاحب بخاری کی گرفتاری
”دیناجپور، بنگال۔ 28اگست۔ آج حضرت مولانا سید عطا ء اللہ شاہ صاحب بخاری رکن مجلس حربیہ جمعیت علمائے ہند و امیر شریعۃ صوبہ پنجاب کو زیر دفعہ108تعزیرات ہند اور مولانا عبد الکافی سابق ممبر مجلس مرکزیہ جمعیت علمائے ہند کو زیر دفعہ 124(الف) تعزیرات ہند گرفتار کرلیا گیا۔“ (الجمعیۃ5ستمبر1930)
آپ کو چھ ماہ قید محض کی سزا دی گئی۔
”دیناج پور 20اکتوبر۔ حضرت مولانا سید عطاء اللہ شاہ صاحب بخاری امیر شریعت صوبہ پنجاب و رکن مجلس حربیہ جمعیت علمائے ہند کو جنھیں دفعہ 108ضابطہ فوجداری کے ماتحت گرفتار کیا گیا تھا، چھ ماہ قید محض کی سزا دے دی گئی۔“(الجمعیۃ 24اکتوبر1930)۔

Tags

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close