زبان و ادب

حرف نون کا اعلان وسقوط

محمد یاسین جہازی

صوتی اعتبار سے نون کی دو قسمیں ہیں: نون غنہ، نون اعلانیہ۔ نونِ غنہ کی آواز ناک سے نکالی جاتی ہے۔ اور اس میں کوئی حرکت نہیں ہوتی،جیسے:چیونٹی،جہاں،وہاں۔اورنون اعلانیہ میں نون بالکل ظاہر کر کے پڑھا جاتا ہے،جیسے: دھڑکن، دولہن،دلارن۔
اساتذہئ فن کے مابین یہ مسئلہ مختلف فیہ رہا ہے کہ کہاں پر اعلانِ نون ہوگا اور کہاں پر سقوط۔اس حوالے سے فیصلہ کن بات تو یہی ہے کہ جہاں پر مذاق سلیم جس کا متقاضی ہوگا وہاں پر ویسا ہی کیا جائے گا؛ لیکن ایک نو آموز طلبہ کے لیے مذاق سلیم سے کسی بات کا فیصلہ کرنا نہ صرف مشکل ہے؛ بلکہ ناممکن ہے؛ اس لیے ذیل کی سطروں میں چند استقرائی قواعد درج کیے جارہے ہیں، جن کی روشنی میں اعلان وسقوط کے مواقع کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے:
(۱) جب کسی فارسی لفظ کے آخر میں نون ہو، اور وہ ترکیب اضافی یا ترکیب توصیفی کے طور پر استعمال ہوا ہو؛ تو نون کا اعلان نہ ہوگا، جیسے: قلب ناتواں،دل وجاں۔اور جب اس میں ترکیب اضافی نہ ہو، تو نون کا اظہار ہوگا، جیسے: جان،جہان، آسمان،ایمان۔
(۲)اردو الفاظ کے وہ ظرف زمان،جن کے آخر میں نون ہو،اس کا اعلان نہیں ہوگا، جیسے: وہاں، یہاں، جہاں، کہاں
(۳)فارسی ترکیب رکھنے والے وہ اسم فاعل سماعی، جس کے آخر میں نون ہو، اس کا اعلان نہیں ہوگا، جیسے: گل چیں،خوشہ چیں، نکتہ چیں۔ اسی طرح نون فاعلی جمع کابھی اعلان نہیں ہوگا، جیسے: رفتگاں، درخشاں۔
(۴)اردوالفاظ کی جمع مؤنث کے نون کا اعلان نہ ہوگا، جیسے:روٹیاں،چڑیاں،بوٹیاں، چٹائیاں، مٹھائیاں،دوائیاں۔
(۵)اسم عدد اور عدد وصفی کے آخر میں آنے والے نون کابھی اعلان نہیں ہوگا، جیسے:چاروں، پانچوں،ساتوں،آٹھوں تیرھواں،چودھواں،پچاسواں۔
(۶)عربی الفاظ کے جمع کے آخر میں آنے والے نون کا اعلان ہوگا، جیسے:ارکان، اوزان، اراکین، سامعین، حاضرین۔
(۷)اردو افعال کے آخر میں آنے والے نون کا اعلان نہیں ہوگا، جیسے: کہوں،لکھوں،پڑھوں، جاؤں، سنوں پڑھوں،جاؤں،رہوں۔
(۸)جونون مصوتوں کے بعد درمیان میں آئے، تو وہ ساکن ہوگااور اس کا اظہار نہیں ہوگا، بلکہ غنہ سے پڑھا جائے گا، جیسے: سانس، مونگ پھلی،رونگٹھا،جھینگر،بھینس۔
(۹)عربی اور فارسی کے الفاظ میں اگر نون غنہ ب،پ،بھ اور پھ سے پہلے آئے، تو اس کی آواز میم میں بدل جائے گی، جیسے: انبیائے کرام، انبساط، تنباکو،منبر،سنبھل۔
(۰۱)کچھ ایسے الفاظ جن کے آخر میں نون ہو اور اس سے پہلے کوئی مصوتہ ہو، اور مصوتے کے ماقبل کی حرکت موافق ہو، تو نون کا اعلان نہیں ہوگا،بلکہ غنہ ہوگا، جیسے: کہیں،یہیں،وہاں،جبیں۔

مزید دکھائیں

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Close