مضامین

باغبان برادری پنچ کمیٹی ناندیڑ کی اجتماعی شادیاں بیاباں کی شب تاریک میں قندیل رہبانی

اثر خامہ: مولانا سید آصف ندوی

باغبان برادری پنچ کمیٹی ناندیڑ کی اجتماعی شادیاں
بیاباں کی شب تاریک میں قندیل رہبانی
اثر خامہ: مولانا سید آصف ندوی
یہ بات اب کچھ مخفی یا پوشیدہ نہیں رہی ہے کہ بے جا رسومات وخرافات نے مسلم معاشرے کو جس صورتحال سے دوچار کیا ہے وہ انتہائی تشویشناک ہے، بالخصوص معاملات اور معاشرت میں مسلمانوں کے اسلامی تعلیمات سے انحراف اور دین سے دوری نے انتہائی ناگفتہ بہ صورتحال پیدا کردیا ہے، مسلم نوجوانوں میں بے دینی و بے روزگاری اورمسلم بچیوں میں ارتداد کی لہر کا پیدا ہونا دراصل معاملات و معاشرت میں عدم توازن اور بے جا رسومات وخرافات ہی کا شاخسانہ ہے۔ علماء و ائمہ کرام اور ارباب دانش و فکر کی مسلسل و انتھک اصلا حی کوششوں کے باوجود بھی منظر نامہ جوں کا توں ابر آلود ہی ہے، مطلع ہے کہ صاف ہونے کا نام ہی نہیں لے رہا ہے۔موجودہ دور میں طبقہ امراء اور اہل ثروت کی نقالی میں غریب اور متوسط طبقوں کے افراد میں بھی شادیوں میں لاکھوں لاکھ روپے خرچ کرنے کا رجحان کچھ اس قدر بڑھتا جا رہا ہے کہ مَعَاذَ اللہ لوگ اس کے لئے سْودی قرضہ لینے سے بھی گریز نہیں کرتے، لاکھوں روپے قرض لے کر شادی تو ہوجاتی ہے مگر بسا اوقات دولہا اور زیادہ تر دولہن کے والدین اور سرپرست حضرات سالہا سال قرض ہی اْتارتے رہتے ہیں، اور بسا اوقات نوبت قرض در قرض کی ہوتی رہتی ہے۔ ایسے دلخراش ماحول میں باغبان برادری پنچ کمیٹی ناندیڑ کی جانب سے اجتماعی شادیوں کا نظم کرنا یقینا "بیاباں کی شب تاریک میں قندیل رہبانی” کے مصداق ہے، ظاہر سی بات ہے کہ اگر اجتماعی شادیوں کے اس پروگرام میں شامل ہر جوڑے کی شادی انفرادی طور پر علیحدہ علیحدہ کی جاتیں تو ان شادیوں کے اخراجات کا تخمینہ اجتماعی شادیوں کے تخمینے سے بلا مبالغہ سینکڑوں گنا زیادہ ہوجا تا، جو کسی بھی غیر تعلیم یافتہ غربت زدہ قبیلے یا برادری کے لیے کسی المیہ سے کم نہیں ہے، اور پھر یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ نکاح کو اگر شریعت اسلامیہ اور رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی مبارک تعلیمات کے مطابق کیا جائے تو وہ شرم و حیا کے حْصْول کے ساتھ ساتھ فراخ دستی اور خوشحالی کا سبب بھی بنتا ہے اس لئے کہ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا ارشاد گرامی قدر ہے آپ نے فرمایا: اِلْتَمِسْوا الرِّزْقَ بِالنِّکَاحِ یعنی نکاح کے ذریعے رزق تلاش کرو۔ بہرحال ہوش ربا گرانی اور ایمان سوز فتنوں کے اس دور میں باغبان برادری پنچ کمیٹی ناندیڑ کی جانب سے اجتماعی شادیوں کا یوں انتظام کرنا قابل صد آفریں و قابل رشک عمل ہے، اور اگر یہ کہوں تو مبالغہ نہیں ہوگا کہ وقت کی ایک اشد ضرورت بھی ہے، اس سے کئی غریب لڑکیوں کی شادی کیلئے درپیش پریشانیاں دور کی جاسکتی ہیں۔ میں اس موقع پر اجتماعی شادیوں میں شریک تمام ہی نوشہ اور ان کے سرپرستوں نیز باغبان برادری پنچ کمیٹی ناندیڑ کے ذمہ داران کو تہہ دل سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close