اہم خبریںمضامین

یکساں سول کوڈ کے خلاف بڑھ چڑھ کر اپنا اعتراض درج کرائیں

مولانا سہیل احمد ندوی

قائم مقام ناظم امارت شرعیہ نے ائمہ کرام سے اپیل کی کہ جمعہ کے خطاب میں اس موضوع کو شامل فرمائیں اورامت میں بیداری لانے کی کوشش کریں
امارت شرعیہ پھلواری شریف پٹنہ کے قائم مقام ناظم مولانا سہیل احمد ندوی صاحب نے اپنے بیان میں یکساں سول کوڈ کے بارے میں لا کمیشن کے نوٹیفکیشن کے بارے میں اپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لاء کمیشن آف انڈیا نے14جون2023 کو اپنے ایک نوٹیفیکیشن کے ذریعہ عوام سے اور تسلیم شدہ مذہبی تنظیموں سے یکساں سول کوڈ کے تعلق سے رائے طلب کی ہے،رائے دہی کے لئے تیس دنوں کا وقت دیا ہے،14جولائی کومتعینہ تاریخ ختم ہوجائے گی۔لا کمیشن کا یہ اقدام بالکل غیر ضروری اور سبھی مذاہب اور طبقات کے لیے پریشان کن ہے، اور اس سے ملک میں افتراق اورا نتشار کی کیفیت پیدا ہونے کا اندیشہ ہے، اس لیے امارت شرعیہ چاہتی ہے کہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کی آراء یونیفارم سول کوڈ کی مخالفت میں وہاں پہونچیں اور لوگ یکساں سول کوڈ کے خلاف بڑھ چڑھ کر اپنا اعتراض درج کرائیں۔

انہوں نے ائمہ کرام سے اپیل کی کہ جمعہ کے خطاب میں اس موضوع کو شامل فرمائیں اور امت میں بیداری لانے کی کوشش کریں۔امارت شرعیہ کی جانب سے اس کام کے لیے جو ڈرافٹ تیار کیا گیا ہے، جمعہ میں اس کو پڑھ کر سنادیں اور اپنی تقریر میں لوگوں کو اس کام کے لیے آمادہ کریں کہ وہ فوری طور پر ای میل لا کمیشن کو بھیجیں تاکہ یہ کام بڑے پیمانے پر انجام پا سکے۔

انہوں نے کہا کہ لوگوں کو بتانے کی ضرورت ہے کہ یکساں سول کوڈ نہ صرف مسلمانوں کے لئے بلکہ تمام مذاہب اور طبقات کے لوگوں کے لئے نقصان دہ اوران کی آزادی اور پرسنل لاء پر حملہ ہے،اس لئے ایک ہندوستانی شہری ہونے کے ناطے ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم یکساں سول کوڈ کی مخالفت کریں اور لا ء کمیشن کے سامنے اپنا احتجاج درج کرائیں۔ اس سلسلہ میں مفکرملت حضرت مولاناسیداحمدولی فیصل رحمانی دامت برکاتہم امیرشریعت امارت شرعیہ بہار اڈیشہ وجھارکھنڈوسکریٹری آل انڈیا مسلم پرسنل لابورڈکی ہدایت پر اس مہم سے گاؤں گاؤں کے باشندوں کو جوڑنے کیلئے امارت شرعیہ نے بہاراڈیشہ بنگال وجھارکھنڈ کے ہر ضلع میں بیداری مہم چلارہی ہے اورجگہ جگہ میٹنگ منعقدکرانے کاسلسلہ جاری کیاہے جس میں مرکزی دفترامارت شرعیہ پھلواری شریف پٹنہ کے ذمہ داران کی شرکت ہورہی ہے۔ مرکزی دفتر سے مولانا مفتی محمد ثناء الہدیٰ قاسمی، مولانا مفتی وصی احمد قاسمی، مولانا مفتی محمد سہراب ندوی، مولانا احمد حسین قاسمی،مولانا رضوان احمد ندوی, مولانا مفتی محمد انظار عالم قاسمی، مولانا عبد اللہ انس قاسمی، مولانا قمر انیس قاسمی، مولانا سہیل اختر قاسمی، مولانا محمد ابو الکلام شمسی، مولانا عبد اللہ جاوید ثاقبی، مولانا نصیر الدین مظاہری، مولانا محمد عادل فریدی، مولانا تبریز عالم قاسمی، مولانا مفتی شکیل احمدقاسمی,مولانا مجیب الرحمٰن قاسمی بھاگل پوری, مولانا طارق انورسمیت امارت شرعیہ کے دیگر ذمہ داران بہار و جھارکھنڈکے مختلف اضلاع کے سفر پر نکل چکے ہیں جہاں و ہ مشاورتی نشستوں میں شرکت کریں گے۔ ان مشاورتی نشستوں میں لاء کمیشن کو بذریعہ ای میل زیادہ سے زیادہ تعدادمیں جواب بھیجنے اوراس مہم کو منظم کرنے پر غورہوگا۔لہذاائمہ کرام علماء عظام،دانشوران قوم وملت اورامارت شرعیہ کے ارکان شوریٰ،ارکان ارباب حل وعقد اور ضلع و بلاک سطح کے ذمہ داران، نقباء و نائبین نقباء سے گذارش ہے کہ اپنے اپنے حلقہ میں اس بیداری مہم سے خود بھی جڑیں اوراپنے احباب کوبھی جوڑیں اور امارت شرعیہ کے جو ذمہ داران آپ کے علاقہ میں اس کام کے لیے تشریف لے گئے ہیں، ان کا بھر پور تعاون کریں۔

انہوں نے ضلع اور بلاک سطح کے ذمہ داران اور ائمہ کرام سے گذارش کی کہ مقامی نوجوانوں کی ہر گاؤں میں ایک ٹیم بنا دیں جو امارت شرعیہ کی نگرانی میں زیادہ سے زیادہ لوگوں سے ای میل بھجوانے کا کام کرے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close