اہم خبریں

٫٫امت محمدیہ امتیازات و خصوصیات،، اپنے موضوع پر ایک مکمل کتاب

مولف کتاب مولانا محمد قمر الزماں ندوی
مرتب / مولانا فرید حبیب ندوی
ضخامت:۲۰۰
قیمت:۱۵۰
سن اشاعت ۲۰۱۸ء
ناشر : مدرسہ نظامیہ دار القرآن، دگھی، گڈا، جھارکھنڈ
تبصرہ نگار / الیاس ثمر قاسمی ۔
ڈائریکٹر الفلاح اسلامک مشن اسکول
کرماہاٹ دھوریہ بانکا بہار
موبائل ۔ 9473483396 ۔

‌پچھلے دنوں جب میں شمال مشرقی جھارکھنڈ میں واقع ضلع گڈا کے یک روزہ علمی وادبی دورے پر تھا تو اس دوران جہاں کئی اہم دینی و عصری درسگاہوں کی زیارت نصیب ہوئی ، وہیں کئی اہم علمی وفکری شخصیات سے بھی شناسائی ہوئی ، اور ان سے مختلف علمی، فکری، ملکی وملی اور بین الاقوامی مسائل پر تبادلہ خیال کا بھی موقع ملا ۔ ان میں ایک نمایاں نام ، مولانا محمدقمر الزماں ندوی صاحب استاذ مدرسہ نورالاسلام ، کنڈہ ، پرتاب گڑھ کا بھی ہے ۔ مولانا ایک کامیاب مدرس مربی ہونے کے ساتھ بہترین قلمکار اور عمدہ انشاء پرداز بھی ہیں ، ان کے علمی وفکری مضامین ملک کے مؤقر رسائل وجرائد میں اور سوشل میڈیا پر بھی بکثرت شائع ہوتے رہتے ہیں ۔ مولانا کا قلم رواں دواں ہے وہ زود نویس بھی ہیں اور خوب نویس بھی لیکن تکلف اور تصنع سے پاک ، سنجیدگی کا دامن وہ کہیں نہیں چھوڑتے ، ان کی صاف وشفاف اور سنجیدہ شخصیت کی طرح ان کی تحریر بھی صاف ستھری اور ظاہری ومعنوی خوبیوں سے بھر پور ہوتی ہے ۔
‌ان کے قلم فیض رقم سے اب تک نصف درجن کتابیں منظر عام پر آچکی ہیں ۔ گزشتہ دنوں ان کے آبائی وطن جھارکھنڈ میں ان کی دولت کدہ پر جب ملاقات ہوئی تو مولانا محترم نے عمدہ ضیافت کے ساتھ اپنی تازہ ترین تصنیف ٫٫ امت محمدیہ امتیازات وخصوصیات ،، بھی عنایت کی اللہ ان کو جزائے خیر دے ۔
‌ ٫٫امت محمدیہ امتیازات وخصوصیات ،،
‌جیساکہ نام سے ظاہر ہے کہ مولف محترم نے اس کتاب میں قرآن وسنت کی روشنی میں شرح وبسط کے ساتھ یہ بتلانے کی کوشش کی ہے کہ امت محمدیہ کا کیا مقام ومرتبہ ہے ، اور کن امتیازات وخصوصیات سے اللہ تعالی نے اس امت کو سرفراز کیا ہے ، اور یہ تفوق وبرتری کیونکر اس امت کو حاصل ہوئی ہے ؟
‌مجموعی طور سے پوری کتاب انہیں سوالات کے جوابات پر مشتمل ہے، امت محمدیہ کو اور بالخصوص نئی نسل کے ذہن وفکر کو جھنجھوڑنے کی کوشش کی گئی ہے ، ان کو اپنے مقام ومرتبہ سے روشناس کرایا گیا ہے ، تاکہ یہ امت جو آج بے مقصد اور بے ہنگم زندگی گزار رہی ہے ، جس کی وجہ سے ذلت ومسکنت اس کا مقدر بنی ہوئی ہے ، خود شناسی و خود آگاہی کہ دولت سے بہرہ ور ہو اور اس کی روشنی میں اپنا مستقبل طے کرسکے ۔
‌پوری کتاب سات ابواب پر مشتمل ہے ،
‌پہلے باب میں قرآن وحدیث کی روشنی میں امت محمدیہ صلی اللہ علیہ کے اکیس امتیازات وخصوصیات بیان کی گئی ہیں ، جن کا جاننا دعوتی نقطہ نظر سے امت کے ایک ایک فرد کے لیے بہت اہم ہے ،
‌دوسرے باب میں مصنف نے پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم کی امتیازات خصوصیات کو موضوع گفتگو بنایا ہے ، اور انتہائی خوش اسلوبی کے ساتھ نبی علہ السلام کی نبوت ورسالت اور جمیع انبیاء سابقین پر افضلیت کو اجاگر کیا ہے ، اس باب میں مصنف نے عقیدہ ختم نبوت جیسے خالص علمی موضوع کو بھی چھیڑا ہے ، اور قادیانیت کا بہترین تعاقب کیا ہے ۔ عام فہم اسلوب میں قرآن وسنت ، اجماع صحابہ اور اکابر علماء ، فقہاء ، محدثین اور مفسرین کی تصریحات کی روشنی میں پیغمبر اسلام کا خاتم النبیین والمرسلین ہونا ثابت کیا ہے ، ساتھ ہی اس باب میں نبی علیہ السلام کا امی لقب ہونے کو محمد عربی صلی اللہ علیہ وسلم کا خاص وصف قرار دیا ، اور لفظ ،، امی ،، کی تشریح میں قدیم وجدید مفسرین کی آراء کی روشنی میں بڑی نکتہ آفرینی کی ہے اور خوب قلم کا جوہر دکھا یا ہے ۔
‌تیسرے باب میں امت محمدیہ کے علماء کے امتیازات وخصوصیات سے بحث کی گئی ہے ، علماء امت کو حضرات انبیاء کے حقیقی جانشین اور کار نبوت کے اصل ذمہ دار ومحافظ بتلایا ہے ۔ علماء کرام کو اپنے مقام ومرتبہ اور پوزیشن کی یاد دہانی کرائی گئی ہے ، خشیت الٰہی، طہارت و پاکیزگی کو علماء امت کا شعار بتلایا ہے ۔
یہ ابتدائی تین ابواب ہی مؤلف کے قلم سے ہیں جو اس کتاب کی اصل اور روح ہے ۔
یہ تینوں ابواب کوئی مستقل تالیف نہیں ہے بلکہ مولانا محترم کے ان مضامین کا مجموعہ ہے جو ماہنامہ ٫٫ندائے اعتدال علی گڑھ ،، میں قسط وار شائع ہوتے رہے ہیں ۔
اوراب افادہ عام کے پیش نظر مذکورہ رسالے کے معاون مدیر جناب فرید حبیب ندوی صاحب نے کچھ اضافوں کے ساتھ مرتب کیا ہے ۔
چنانچہ وہ عرض مرتب میں کتاب کے بارے میں لکھتے ہیں کہ ٫٫
کتاب سات ابواب پر مشتمل ہے ، اور حقیقت میں تین ابواب ہی مؤلف کے قلم سے ہیں اور وہی روح کتاب ہیں ، بعد کے ابواب مؤلف نے مختلف جگہوں سے منتخب کر کے شامل کیے ہیں کہ وہ کسی نہ کسی پہلو سے امت کے امتیازات ہی سے واقف کراتے ہیں ۔ پہلے باب میں امت محمدیہ کی اکیس خصوصیات بیان کی گئی ہیں ۔ دوسرے باب میں آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی خصوصیات ہیں ۔ تیسرے باب میں امت محمدیہ کے علماء کے امتیازات وخصوصیات سے بحث کی گئی ہے ، آخر میں ایک ضمیمہ ہے ، جس میں مرتب کا ایک مضمون ہے ۔ چوتھے باب میں کچھ ایسی سورتوں اور آیتوں کا ذکر ہے ، جو اس امت کے لیے خصوصی عطیہ ہیں ۔ پانچواں باب امت محمدیہ کو دیے گئے اذکار سے بحث کرتاہے ۔ چھٹے باب میں ان مخصوص دعاؤں کو ذکر کیا گیا ہے ، جن سے اس امت کو نوازا گیا ہے ۔ اور ساتویں باب میں اس امت کو دیے گئے مسنون اعمال کا بیان ہے،، ۔
گویا کہ یہ ایک ایسی کتاب ہے جو اپنے موضوع پر کامل ومکمل ہے ، ہر پڑھے لکھے فرد کی ضرورت ہے ،
کتاب ہذا ملک و بیرون ملک کے اہل فکر ونظر علماء کی تقریظات وتائیدات سے آراستہ ہے ، مقدمہ ندوۃ العلماء کے سینیر استاذ، اردو میں البیلے طرز نگارش کے مالک ، مولانا علاءالدین ندوی صاحب نے رقم فرمائی ہے ۔ کتاب کے مطالعہ سے پتا چلتا ہے کہ مولف اور مرتب نے پروف ریڈنگ میں خاصی محنت کی ہے ، اور رموز اوقاف کا خاص خیال رکھا ہے ، جس سے مؤلف کے حسن ذوق کا پتا چلتا ہے ۔
دوسو صفحات پر مشتمل اس کتاب کو
معیاری طباعت ، دیدہ زیب ٹائٹل کے ساتھ مدرسہ نظامیہ دارالقرآن دگھی گڈا جھارکھنڈ نے شائع کی ہے ۔
قیمت : 150 روپے ہے جو کہ بالکل مناسب قیمت ہے ۔
میری ذاتی رائے یہ ہے کہ ی کتاب ہر پڑھے لکھے فرد کی ضرورت ہے ۔
خواہش مند حضرات درجہ ذیل پتے سے حاصل کر سکتے ہیں ۔

مکتبہ ندویہ دار العلوم ندوةالعلماء لکھنئو
8960997707

کمالیہ بک ڈپو تاتار پور، بھاگلپور
۷۰۷۰۱۶۱۲۷۰
مکتبہ احسان مکارم نگر لکھنئو*
9335982413
دارین بک ڈپو لکھنئو*
933585300
پاریکھ بک ڈپو*
9839456786
مکتبہ شباب ندوہ روڈ لکھنئو*
9696437283
9198621671
الفرقان بک ڈپو نظیر آباد لکھنئو
8299784835
علی گڑھ میں فرید حبیب ندوی صاحب سے رابطہ کریں
90126621589
بھاگل پور اور گڈا جھارکھنڈ اور آس پاس کے اضلاع کے لوگ رابطہ کریں
شمس پرویز مظاہری
مدرسہ نظامیہ دار القرآن ،
دگھی، گڈا ،جھارکھنڈ
62 0021 9916




Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close