مضامین

ادارۃ المباحث الفقہیہ جمعیۃ علما ء ہند کا سولہواں فقہی اجتماع شروع

نئی دہلی 17/ مارچ 2021

دور حاضر کے اہم اور جدید بنیای مسائل پرمفتیان کرام کی متفقہ رائے بنانے کے لیے جمعیۃ علماء ہند کے ادارۃ المباحث الفقہیہ کے زیر اہتمام سولہواں اجتماع آج مدنی ہال صدر دفتر جمعیۃ علماء ہند میں شروع ہوا جو 19 مارچ تک جاری رہے گا ۔

اس اجتماع میں سروس کنٹریکٹ کی مختلف شکلیں اور ان کا شرعی حکم، شرکت و مضاربت کی بعض قابل تنقیح شکلیں اور سر پر بالوں کی افزائش و زیبائش کی بعض صورتوں پر بحث و مناقشہ کے بعد اہم تجویز منظور کی جائے گی۔

آج (17) مارچ بروز بدھ کو دو نشستیں منعقد ہوئیں، نشست اول کی صدارت حضرت مولانا سید ارشد مدنی صاحب صدر المدرسین دارالعلوم دیوبند نے فرمائی، جب کہ خطبہ افتتاحیہ امیر الہند مولانا قاری سید محمد عثمان منصورپوری صدر جمعیۃ علماء ہند و معاون مہتمم دارالعلوم دیوبند نے پیش کی۔اس موقع پر جن حضرات نے خطاب کیا ان میں مذکورہ بالا شخصیات کے علاوہ مولانا عتیق احمد بستوی صاحب استاذ دارالعلوم ندوۃ العلماء، مفتی زین الاسلام صاحب مفتی دارالعلوم دیوبند، مولانا رحمت اللہ کشمیری صاحب رکن شوری دارالعلوم دیوبند، مولانا انیس الرحمن قاسمی صاحب سابق ناظم امارت شرعیہ بہارشامل ہیں۔

دوسری نشست بعد نماز مغرب منعقد ہوئی جس کی صدارت حضرت مولانا نعمت اللہ اعظمی صاحب محد ث دارالعلوم دیوبند نے فرمائی، اس نشست میں شرکت و مضارب کی بعض قابل تنقیح شکلوں پر مقالات کی تلخیص پیش کی گئی اور پھر مناقشہ ہوا، بالآخر اس پر تجویز کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی۔ اس نشست میں مفتی محمد سلمان منصورپوری صاحب اور مولانا ابراہیم تارا پوری صاحب کا بھی خطاب ہوا۔ مناقشہ میں شرکت و مضاربت میں مال حسی ہونا ضروری ہے یا نہیں موضوع بحث رہا.

آج کی دونوں نشستوں میں جو حضرات اکابر زینت مجلس رہے ان میں بالخصوص صدر جمعیۃ علماء ہند حضرت مولانا قاری سید محمدعثمان منصورپوری صاحب، حضرت مولانا سید ارشد مدنی صاحب، حضرت مولانا نعمت اللہ اعظمی صاحب، جمعیۃ علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا محمود مدنی صاحب، مفتی شبیر احمد قاسمی صاحب جامعہ قاسمیہ شاہی مرادآباد، مولانا عتیق الرحمن صاحب، حضرت مولانا ابراہیم صاحب تاراپوری،مفتی زین الاسلام صاحب، مولانا نذیر احمد کشمیری صاحب، مولانا رحمت اللہ کشمیری صاحب،مولانا عبداللہ معروفی صاحب،مفتی انیس الرحمن قاسمی صاحب، مفتی راشد اعظمی صاحب، مولانا مفتی محمد سلمان منصورپوری صاحب،مفتی احمد دیولہ صاحب، مفتی سید معصوم ثاقب صاحب، مفتی اشفاق اعظمی صاحب، مفتی محمد عفان منصورپوری صاحب، مفتی عبدالرزاق صاحب وغیرہم کے نام خاص طور سے ذکر کیے جاتے ہیں۔ان حضرات کے علاوہ ملک کے مختلف حصوں سے اہم مفتیان کرام شریک ہوئے ہیں۔ آج کی مجلس میں دارالعلوم دیوبند کے سابق شیخ الحدیث اور جمعیۃ علماء ہند کے فقہی سیمیناروں کی زینت حضرت مفتی سعید احمد پالن پوری اور ادارۃ المباحث القفہیہ جمعیۃ علماء ہند کے سابق معتمد مولانا معزالدین احمد کو یاد کیا گیا اور ان کے لیے دعائے مغفرت بھی کی گئی۔ مجلسوں میں نظامت کے فرائض مشترکہ طور سے حضرت مفتی محمد سلمان صاحب منصورپوری ، مفتی محمد عفان صاحب منصورپوری ،مفتی عبدالرزاق صاحب نے انجام دیے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close