اسلامیات

شعبان میں افعال و اقوال نبوی ﷺ اور اسوہ صحابہ کرام و سلف صالحین

محمد یاسین جہازی

ذرائع معلومات کی کثرت کی وجہ سے شعبان کے مہینے کے حوالےسے بھی آیات و احادیث اور آثار پر مبنی مفصل تحریریں آپ کے سامنے سے گذری ہوں گی۔ اس تحریر کو ان تمام کا خلاصہ سمجھ کر مطالعہ کرسکتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ ہمیں رمضان کی طرح شعبان کی فضیلتوں اور برکتوں سے بھی فائدہ اٹھانے کی توفیق ارزانی کرے۔
افعال و اقوال نبوی ﷺ
(1) نبی اکرم ﷺ پورے شعبان یا اکثر شعبان کا روزہ رکھتے تھے۔
(2) اس مہینے میں لوگ غفلت برتتے ہیں جب کہ اس مہینے میں بارگاہ الٰہی میں اعمال پیش کیے جاتے ہیں۔ اور میری خواہش ہے کہ میرے اعمال اس وقت پیش کیے جائیں جب کہ میں روزہ کی حالت میں رہوں۔
(3) اسی مہینے میں ہر ایک مرنے والے کی موت کا فیصلہ لکھا جاتا ہے۔
(4) اسی مہینے میں نبی اکرم ﷺ کی ایک بڑی مراد بیت المقدس سے کعبہ کی طرف قبلہ کی تبدیلی پوری ہوئی ہے۔
(5) رمضان کے روزے کے بعد سب سے افضل روزہ شعبان کے مہینے کا ہے۔
(6) اسی مہینے میں صلاۃ و سلام کی آیت نازل ہوئی ہے، جس کی مناسبت سے درود کی کثرت کرنی چاہیے۔
(7) پندرھویں شب فرشتوں کی عید ہے۔ چوں کہ فرشتے نہیں سوتے، اس لیے ان کی عید رات کو ہوتی ہے۔ اور انسان سوتے ہیں، اس لیے ان کی عید دن کو ہوتی ہے۔
(8) پندرھویں رات بابرکت، تقسیم رزق، تعیین تقدیر،مغفرت،مقبولیت، شفاعت،حیات بخش، فرشتوں کی عید، اور انعام کی رات ہے۔
اقوال ا عمال صحابہ کرام و سلف صالحین
(1) حضرت عمار رضی اللہ عنہ رمضان کے روزہ کی طرح شعبان کے روزے کے لیے تیاری کیا کرتے تھے۔
(2) سلمہ بن کہیل فرماتے ہیں کہ صحابہ کے زمانہ میں مشہور تھا کہ شعبان قرآن مجید کی تلاوت کرنے والوں کا مہینہ ہے۔
(3) عمرو ابن قیس الملائی شعبان آتے ہی اپنی دکانوں میں تالا ڈال دیتے تھے اور شعبان و رمضان میں پورا وقت تلاوت قرآن کریم میں گذارتے تھے۔
(4) حضرت حسن بن سہل فرماتے ہیں کہ شعبان نے اللہ سے کہا کہ آپ نے مجھے دو عظیم مہینوں کے درمیان رکھا ہے ، تو میرے لیے خاص کیا ہے؟ تو اللہ نے فرمایا کہ تمھارے لیے قرآن کریم کی تلاوت ہے۔
(5) جنتی صحابی حضرتِ انس رَضِیَ اللہُ عَنْہ فرماتے ہیں : شعبان کا مہینا آتا تو مسلمان قرآنِ کریم کی تلاوت میں مشغول ہوجاتے ، اپنے مالوں کی زکوٰۃ اداکر دیتے تاکہ کمزوروں اور مسکینوں کو بھی رمضان کے روزوں کی طاقت ملے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close