اہم خبریں

انجمن اسلامیہ ہمارے اکابرین کی عظیم امانت ہے۔۔حافظ حامد الغازی

انجمن اسلامیہ ہمارے اکابرین کی عظیم امانت ہے۔۔حافظ حامد الغازی
مہگاواں گڈا۔۔۔مہگاواں کے مرکزی گاؤں دگھی میں آج انجمن اسلامیہ جمہوریہ کی ایک اہم نشست منعقد ہوئی ۔۔جس میں انجمن کی سو سالہ خدمات پر مشتمل کتاب ” انجمن اسلامیہ جمہوریہ ، ماضی ، حال اور مستقبل ” کا رسم اجرا بھی کیا گیا۔۔اس خصوصی نشست میں تین برادری کے آٹھ گاؤں کے اصحاب علم و فکر کے علاوہ علاقے کے دانشوروں نے کثیر تعداد میں شرکت فرمائی۔۔مجلس کا آغاز قاری محمد آفاق ( استاذ مدرسہ نظامیہ دار القران دگھی ) کی پرسوز تلاوت سے ہوا۔۔اس کے بعد مدرسہ حسینیہ تجوید القرآن دگھی کے طالب علم عزیزی محمد حسن سلمہ نے نعت پاک پیش کیا۔۔اس کے بعد مدرسہ حسینیہ تجوید القرآن دگھی کے مؤقر استاذ مفتی سفیان ظفر قاسمی نے بڑے ہی والہانہ انداز میں انجمن کا ترانہ پیش کیا۔۔جسے سن کر شرکائے مجلس کی آنکھیں اشکبار ہو گئیں اور قلوب جذبات سے پر ہو گئے۔۔ترانۂ انجمن سن کر سامعین نے نعرۂ تکبیر اور انجمن اسلامیہ زندہ باد کے فلک شگاف نعرے بھی لگائے۔۔۔۔۔خطبۂ صدارت پیش کرتے ہوئے انجمن اسلامیہ جمہوریہ کے صدر اعلی الحاج حافظ حامد الغازی صاحب نے فرمایا کہ انجمن اسلامیہ جمہوریہ کی خصوصیت جو اسے دوسرے تنظیموں سے ممتاز کرتی ہے اس کے شرعی پنچایت کا نظام ہے ۔۔خواہی نا خواہی لوگوں کو اپنے مقدمات کا فیصلہ انجمن کے ذریعے قرآن و سنت کی روشنی میں کرانا پڑتا ہے۔۔اور انجمن اس کے لئے اپنی مخصوص قوت نافذہ کا استعمال بھی کرتی ہے۔۔اس کے علاوہ بیت المال کا مضبوط نظام بھی انجمن کے خصوصی مقاصد میں شامل ہے۔۔جس کی طرف انجمن برادری کے اصحاب ثروت کو گاہے گاہے متوجہ بھی کرتی رہتی ہے۔۔صدر اعلی نے قوم کے نوجوانوں کے قلوب کو انتہائی دردمندی کے ساتھ بیدار کرتے ہوئے فرمایا کہ میں بڑی دردمندی کے ساتھ کہنا چاہوں گا کہ یہ انجمن ہمارے اکابرین و اسلاف کا قیمتی سرمایہ اور امانت ہے۔جو ہمیں ورثہ میں ملی ہے ۔۔یہ ایک نعمت بے بہا اور گنج گراں مایہ ہے لہذا اس کی قدر کرو ۔ اس کی حفاظت کرو اور اس کو اپنی جان سے زیادہ عزیز رکھو۔۔۔اپنے تمہیدی کلمات میں دگھی گاؤں کے معروف اور صاحب تصنیف عالم دین مولانا قمر الزماں ندوی صاحب نے فرمایا کہ انجمن اسلامیہ جمہوریہ ،مولانا ابو الکلام آزاد کا قائم کردہ انجمن اسلامیہ رانچی ہی کا چربہ ہے۔۔جسکی دلیل یہ ہے کہ دونوں انجمنوں کے نام اور اصول و ضابطے بالکل یکساں ہیں۔یہ انجمن کے بانیان کے خلوص و للہیت ہی کا نتیجہ ہے کہ سو سال مکمل ہو رہے ہیں لیکن انجمن ہر قسم کے اختلاف و انتشار سے بالکل پاک و صاف ہے ۔۔حب جاہ و حب مال کا معمولی اثر بھی کبھی انجمن کے عہدیداران پر نظر نہیں ایا۔۔نشست کی نظامت کرتے ہوئے انجمن کے نائب صدر اعلی مولانا شمس پرویز مظاھری نے فرمایا کہ موجودہ دور کے مؤرخین کے سامنے اگر انجمن کی خدمات کو پیش کیا جائے تو وہ انگشت بدنداں رہ جائیں گے۔۔حیرت ہوتی ہے کہ بڑی بڑی تنظیمیں اور تحریکیں پورے زور و شور کے ساتھ برپا ہوئیں لیکن مختصر سا سفر طے کرکے زمیں بوس ہو گئیں۔۔یہ انجمن کے بانیان اور مخلص کارکنان کی نالۂ نیم شبی اور آہ و زاری نیز امت کے تئیں درد و کڑھن کا نتیجہ ہے کہ انجمن سو سال سے گرم سفر ہے اور پوری آب و تاب کے ساتھ جلوہ نما ہے۔۔انجمن کے سابق صدر اعلی ماسٹر مسلم حسین صاحب نے انجمن کی سو سالہ تکمیل پر شائع ہونے والے مجلہ پر خوشی کا اظہار کیا اور مرتبین کو مبارکباد پیش کیا۔۔سابق صدر اعلی الحاج ماسٹر شکیل صاحب نے انجمن کے اولین صدر اعلی الحاج ماسٹر محی الدین صاحب مرحوم کے منظوم کلام کو پیش کیا اور فرمایا کہ موصوف اپنے بستر وفات پر بھی انجمن کے تئیں کافی متفکر تھے ۔۔وہ ہر حال میں انجمن کو زندہ و تابندہ دیکھنا چاہتے تھے۔۔انجمن کے مرکزی قاضی جناب مولانا ریاض اسعد مظاھری صاحب بے فرمایا کہ انجمن اپنی اسی آب و تاب کے ساتھ قائم و دائم ہے جیسا آج سے کئی سال قبل تھا۔البتہ کمزوری ہملوگوں کے اندر پیدا ہو گئی ہے جسے دور کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔۔۔۔نائب صدر اعلی ماسٹر عبد الرحیم صاحب نے کہا کہ انجمن دو شخصیات کی قربانیوں کے نتیجہ میں ظہور پذیر ہوئی ہے۔ایک مولانا محی الدین صاحب مرحوم اور دوسرے مولانا حبیب عالم صاحب مرحوم ۔۔ان دونوں بزرگوں نے قوم کو انجمن جیسی امانت دے کر زندگی گزارنے کا شعور عطا کر دیا۔۔انہوں نے مزید کہا کہ انجمن سے بغاوت کرنے والوں کے حصے میں ذلت و رسوائی کے سوا کچھ نہیں آئی ہے ۔۔اس لئے ہمیں ہمیشہ انجمن کا وفادار بنا رہنا چاہیے۔۔دار القضا گورگاواں کے قاضی مولانا شفیق صاحب قاسمی نے فرمایا کہ انجمن کو میں بالتفصیل تو نہیں جانتا مگر اجمالی طور پر جانتا ہوں۔۔دگھی گاؤں کے دو بڑے بزرگ مولانا جلال الدین قاسمی رحمہ اللہ علیہ اور مولانا علاؤالدین صاحب مرحوم سے میرے قدیم تعلقات تھے اور انہیں دونوں بزرگوں کے ذریعے میں نے انجمن کی خصوصیات کو جانا ہے۔۔جمعیت علماء ضلع گڈا کے جنرل سکریٹری مولانا نعمان صاحب مظاھری نے انجمن کی سو سالہ خدمات پر تمام اکابرین انجمن کو خراج تحسین پیش کیا۔۔رابطہ مدارس اسلامیہ ضلع گڈا کے نائب سکریٹری مولانا ریاض الدین قاسمی صاحب نے فرمایا کہ انجمن اپنی تمام تر خصوصیات کے ساتھ ساتھ اگر اپنے سے متعلق آٹھ گاؤں میں مکتب کا مضبوط نظام قائم کر دے تو سونے پر سہاگہ ہو جائے اور انجمن کی خدمات کے حسن ہار میں ایک نگ اور جڑ جائے۔۔
اس اہم اور خوبصورت موقع پر معروف سماجی خدمتگار جناب عطاء الرحمن صدیقی ، ماسٹر محمد قاسم صاحب نیانگر ، ماسٹر منیر صاحب کھٹنئی (محاسب انجمن) ماسٹر عبد القیوم صاحب لوبندہ ، ماسٹر اعجاز صاحب کھٹنئی ، مولانا تاج الدین قاسمی صاحب وغیرہ نے خطاب فرمایا۔۔۔
اس موقع پر تمام حلقوں کے صدور و نائب صدور بھی شریک تھے ۔۔اجلاس کا اختتام مولانا شہباز قاسمی صاحب لوبندہ کی دعا کے ذریعے ہوا۔۔۔اجلاس کے کنوینر مولانا شمس پرویز مظاھری نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا ۔۔۔۔۔۔۔۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close