اہم خبریں

ڈاکٹر نجات اللہ صدیقی صاحب کی وفات اسلامی معاشیات کے میدان کے لئے بڑا نقصان

ڈاکٹر نجات اللہ صدیقی صاحب کی وفات اسلامی معاشیات کے میدان کے لئے بڑا نقصان مولانا خالد سیف اللہ رحمانی جنرل سکریٹری اسلامک فقہ اکیڈمی کا تعزیتی بیان

ڈاکٹر نجات اللہ صدیقی صاحب کی وفات
اسلامی معاشیات کے میدان کے لئے بڑا نقصان
مولانا خالد سیف اللہ رحمانی جنرل سکریٹری اسلامک فقہ اکیڈمی کا تعزیتی بیان
————————————————————

ڈاکٹر نجات اللہ صدیقی اس دور کے بڑے اہل علم، اصحاب نظر اور ارباب فکر میں تھے، مختلف اسلامی علوم سے ان کو مناسبت تھی؛ لیکن خاص طور پر اسلامی معاشیات کو انھوں نے اپنا موضوع بنایا، اور اس میں بڑی گراں قدر خدمات انجام دیں، ان کی خدمات کی وجہ سے عالم اسلام کا اعلیٰ ترین اعزاز ’’ شاہ فیصل ایوارڈ‘‘ ان کو دیا گیا، اور یقیناََ وہ اس کے مستحق بھی تھے، ڈاکٹر صدیقی صاحبؒ سے اس حقیر کی بھی کافی مدت سے ملاقات تھی، کئی پروگراموں میں ساتھ شرکت کا موقع ملا، کئی مسائل پر مذاکرہ کی نوبت آئی، اسلامی فقہ اکیڈمی انڈیا سے ان کو خصوصی تعلق تھا، اکیڈمی کے کئی سیمیناروں میں انھوں نے اس حقیر کی دعوت پر شرکت فرمائی ، اپنی بات بھی پیش کی اور دوسروں کی بات بھی سنی، ان کی یہ بات مجھے بہت متأثر کرتی ہے کہ جب مقاصد شریعت پر ان کی کتاب آئی تو میں نے اس کے بعض مضامین سے اختلاف کیا اور میرا یہ مضمون حیدرآباد کے روزنامہ اخبار’’ منصف‘‘ میں دو یا تین قسطوں میں شائع ہوا، جس کا خاص نقطۂ بحث یہ تھا کہ اگر مقاصد اور نصوص میں تعارض ہو تو اس وقت مجتہد کو کیا کرنا چاہئے اور کیا اس صورت حال میں بھی مقاصد کا اعتبار ہوگا یا وہ قابل ترجیح سمجھیں جائیں گے ؟ میں نے ان کی رائے سے اختلاف کیا اور یہ اختلاف اُن تک پہنچا بھی، اس کے بعد بھی میری ان سے مختلف ملاقاتیں ہوتی رہیں؛ مگر اس اختلاف رائے نے کوئی تلخی پیدا نہیں کی، اور وہ بہت محبت کے ساتھ پیش آتے رہے جو اہل علم کی شان ہوتی ہے، اس میں کوئی شبہ نہیں کہ جب بھی دنیا میں اسلامی معاشیات کے فروغ کی تاریخ لکھی جائے گی تو اس میں ڈاکٹر نجات اللہ ـصدیقی صاحب کا نام ایک ناقابل فراموش نام ہوگا، اللہ تعالیٰ انہیں بہترین اجر عطا فرمائے ، ان کی خدمات کو قبول فرمائے اور اس میدان میں جو انھوں نے کوششیں کیں اس کو نتیجہ خیز اور ثمر آور بنائے ۔

۱۲؍ نومبر ۲۰۲۲ء خالد سیف اللہ رحمانی

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button
Close