*جمعیۃ علماء ضلع شاہدرہ (دہلی) کے صدر مولانا خلیل احمد قاسمی متفقہ طور پر منتخب*خازن جمعیۃ علماء ہند مولانا قاری شوکت علی کا اہم خطاب: “جمعیۃ کے لیے کام اللہ کی رضا کے لیے ہے، نہ کہ کسی شہرت یا عہدے کے لیے”*نئی دہلی، (پریس ریلیز)۲۵ ستمبر ۲۰۲۵ءآج یہاں مدرسہ فیض العلوم سندر نگری دہلی میں جمعیۃ علماء صوبہ دہلی کی ضلعی یونٹ جمعیۃ علماء ضلع شاہدرہ کا انتخاب پُرامن اور باوقار ماحول میں منعقد ہوا۔ انتخاب کی نگرانی خازن جمعیۃ علماء ہند اور رکن مرکزی انتخابی بورڈ برائے صوبہ دہلی حضرت مولانا قاری شوکت علی صاحب نے انجام دی۔ اس انتخابی اجلاس میں کل 168 ارکانِ منتظمہ شریک ہوئے۔ارکان نے مکمل اتفاقِ رائے سے مولانا خلیل احمد قاسمی کو صدر منتخب کیا۔ جنرل سکریٹری کے عہدے کے لیے مفتی گلزار قاسمی منتخب ہوئے، جب کہ بطور نائبین صدر مولانا مفتی مقصود قاسمی اور مولانا مفتی عبدالباسط قاسمی منتخب ہوئے۔ اسی طرح خازن کے طور پر حافظ اسعد اللہ صاحب (مدرسہ شمس العلوم شاہدرہ) کا انتخاب عمل میں آیا۔انتخابی کارروائی مکمل ہونے کے بعد مولانا قاری شوکت علی صاحب نے منتخب عہدیداران کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ جمعیۃ علماء ہند ایک ایسی دینی و ملی تنظیم ہے جو سو برس سے زیادہ عرصہ سے ملک و ملت کی خدمت کر رہی ہے۔ ۔ یہاں کوئی عہدہ یا منصب محض عزت یا شہرت کے لیے نہیں بلکہ ایک امانت ہے جس کا مقصد خدمتِ خلق، دین کی حفاظت اور ملت کی رہنمائی ہے۔انہوں نے کہا کہ جمعیۃ کے کارکنان اور ذمہ داران کو ہمیشہ یہ بات یاد رکھنی چاہیے کہ یہ خدمت کسی سیاسی مفاد، ذاتی فائدے یا دنیاوی عزت کے لیے نہیں، بلکہ صرف اور صرف خدمتِ دین اور رضائے الٰہی کے لیے ہے۔قاری صاحب نے مزید کہا:“آج کے اس پُر فتن دور میں مسلمانوں کے دینی تشخص، تعلیمی ترقی، اور ملک کی مشترکہ تہذیبی وراثت کی حفاظت کی ذمہ داری ہمارے کندھوں پر ہے۔ ہم سب کو چاہیے کہ دلوں کو صاف رکھ کر، اخلاص اور قربانی کے جذبے کے ساتھ کام کریں۔ اختلافِ رائے کبھی تنظیمی وحدت کو نقصان نہ پہنچائے۔ یہی وہ راستہ ہے جو ہمیں اللہ کی نصرت اور عوام کے اعتماد تک لے جائے گا۔”انہوں نے نومنتخب صدر مولانا خلیل احمد قاسمی اور ان کی پوری ٹیم کو خصوصی نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ:“آپ لوگوں کے انتخاب کے ساتھ ایک نئی ذمہ داری بھی آپ کے سر آئی ہے۔ اب آپ کو نہ صرف ضلع شاہدرہ میں جمعیۃ کی سرگرمیوں کو منظم کرنا ہے بلکہ نوجوانوں کو دین، تعلیم اور خدمتِ خلق کی طرف متوجہ کرنے کے لیے عملی اقدامات کرنے ہیں۔”قاری صاحب نے کہا کہ جمعیۃ کا ہر کارکن اپنے کردار اور اخلاق سے لوگوں کے دل جیتنے کی کوشش کرے، کیوں کہ جمعیۃ کی اصل طاقت عوامی اعتماد اور دینی اخلاص ہے۔اس موقع پر جمعیۃ علماء نئی دہلی کے صدر مولانا قاسم نوری سمیت کئی مقامی علماء اور معززین بھی موجود تھے جنہوں نے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔