ملک کے باشندوں کے لیے جمعیت علماء ہند کی خدمات ناقابل فراموش ۔۔مولانا عبد العزیز قاسمی
مدرسہ بدر العلوم مہگاواں میں جمعیت علماء ضلع گڈا کے انتخابی اجلاس کا انعقاد مولانا عبد العزیز قاسمی صدر اور مولانا سلیم الدین مظاہری جنرل سکریٹری نامزدمہگاواں/گڈا ۔۔ضلع گڈا کی معروف دانشگاہ مدرسہ بدر العلوم مہگاواں میں ٣١/ اگست ٢٠٢٥ ء بروز اتوار حضرت مولانا عبد العزیز صاحب قاسمی کی صدارت میں جمعیت علماء ہند کی ضلعی یونٹ تشکیل دی گئی۔۔مشاھد کے طور پر صوبائی جمعیت کے نائب صدر مفتی اقبال صاحب قاسمی شریک ہوئے ۔۔نشست کا آغاز مدرسہ ہی کے ایک معزز استاد جناب قاری مقبول حسین صاحب کی پرسوز تلاوت قرآن سے ہوا جبکہ مولانا شمیم صاحب کریانہ نے نعتیہ کلام پیش کیا ۔۔نظامت کے فرائض جمعیت کے ترجمان اور مہگاواں بلاک کے صدر مولانا شمس پرویز مظاہری نے انجام دیے ۔۔اپنے افتتاحی خطاب میں مولانا شمس پرویز مظاہری نے حدیث "سید القوم خادمھم” کا حوالہ دیتے ہوئے فرمایا کہ ہمیں پہلے تو عہدہ اور منصب کی خواہش نہیں کرنی چاہئے بلکہ اس سے دوری اختیار کرنی چاہئے ۔۔عہدے اور منصب پھولوں کا سیج نہیں بلکہ کانٹوں کا ہار ہوا کرتے ہیں۔۔اپنی ذمہ داریوں کی جوابدہی اللہ کی عدالت میں دینی پڑتی ہے۔۔لیکن اگر ہمیں کسی ذمہ داری کا اہل سمجھتے ہوئے منتخب کر لیا جائے تو پوری امانت و دیانت اور اخلاص کے ساتھ محض خدمت کے جذبے سے ہمیں اپنی ذمہ داری ادا کرنی چاہئے ۔۔انتخابی مجلس کے صدر جناب مولانا عبدالعزیز صاحب قاسمی نے اپنے گزشتہ تین سالہ دور صدارت میں کی گئی نمایاں کارکردگی پر روشنی ڈالی اور فرمایا کہ جمعیت علماء ہند ہندوستانی مسلمانوں کے لیے مضبوط ڈھال کی حیثیت رکھتی ہے ۔۔یہ جماعت بزرگوں اور اللہ والوں کی جماعت ہے ، ہمیں ملک عزیز میں باعزت شہری بن کر اور اپنے دین و مذہب کی حفاظت کے ساتھ رہنے کا حوصلہ اسی جماعت نے فراہم کیا ہے ۔۔لہذا ہمیں اپنے اکابرین کی اس جماعت کی قدر کرنی چاہئے اور رکن بن کر اس جماعت سے وابستہ رہنا چاہئے ۔۔جمعیت علماء ضلع گڈا کے سابق کارگزار ناظم عمومی مولانا سلیم الدین صاحب مظاہری نے گزشتہ تین سالہ کارکردگی کو بیان کرتے ہوۓ سکریٹری رپورٹ پیش کیا ۔بالخصوص شہر گڈا میں جمعیت کے دفتر کے لیے لی گئی زمین کی حفاظت اور اس کی گھیرا بندی وغیرہ کے سلسلہ میں تمام ذمہ داروں کی شاندار کارکردگی کو خراج تحسین پیش کیا ۔۔ اسی کے ساتھ انہوں نے ضلع گڈا میں ہونے والی سترہ اٹھارہ ہزار ممبر سازی کے لیے اراکین جمعیت ضلع گڈا کی خدمات کو سراہا اور آیندہ اس سلسلہ میں اور زیادہ کوشش کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔۔سابق جنرل سکریٹری مفتی نظام الدین صاحب نے جماعت اور جمعیت کے فرق کو واضح کرتے ہوئے فرمایا کہ اگر اتحاد اور تنظیم کے ساتھ ہم آگے بڑھتے رہے تو ہماری کارکردگی مزید مؤثر اور عوام کے لئے سودمند ہو سکتی ہے ۔۔جمعیت کے مرکزی دفتر میں ایک طویل عرصہ خدمت انجام دینے والے مولانا محسن اعظم صاحب قاسمی نے جمعیت کے مختلف کاموں کا تعارف کرایا اور فرمایا کہ ہمیں ترتیب وار کام کرنے کی ضرورت ہے۔۔شہر گڈا کے معروف عالم دین مولانا یاسین صاحب رحمانی نے بھی اپنے تاثرات کا اظہار فرمایا ۔۔انتخابی اجلاس کے مشاھد اور جمعیت علماء صوبہ جھارکھنڈ کے نائب صدر مفتی اقبال صاحب قاسمی نے انتخاب کے اصول و ضوابط بیان کیے اور انتخاب کو صاف و شفاف بنانے پر زور دیا ۔۔انہوں نے فرمایا کہ راءے امانت ہے اور اگر ہم نے اپنی رائے ایسے شخص کے حق میں دیا جو اہل نہیں تھا تو اللہ کی گرفت سے ہم بچ نہیں سکتے۔۔ہمیں اپنی رائے دیتے وقت اس بات کا بھرپور لحاظ رکھنا ہے کہ کون شخص کس عہدے کے لئے موزوں ہے اور جمعیت کے کاز کو پوری تندہی اور مضبوطی کے ساتھ آگے بڑھا سکتا ہے۔۔۔۔بالآخر انتخاب کا عمل شروع ہوا ۔۔دستور جمعیت کی پابندی کرتے ہوئے سب سے پہلے اراکین منتظمہ کا انتخاب ہوا ۔۔ممبر سازی کی بنیاد پر ان میں سولہ افراد مہگاواں بلاک سے ، سات افراد بسنتراءے بلاک سے اور پانچ افراد مہرما و ٹھاکر گنکٹی بلاک سے منتظمہ کے لئے منتخب ہوئے ۔۔اراکین منتظمہ نے پھر سے ایک بار حضرت مولانا عبدالعزیز صاحب قاسمی پر اعتماد کرتے ہوئے انہیں دوبارہ صدر منتخب کر دیا جبکہ جنرل سکریٹری کے طور پر مولانا سلیم الدین صاحب مظاہری کا انتخاب کیا۔۔نایب صدور کے لیے ہر بلاک سے ایک ایک فرد کا انتخاب کیا گیا۔۔ چنانچہ مہگاواں بلاک سے ڈاکٹر عمر فاروق صاحب (شیتل) بسنتراءے بلاک سے مفتی نظام الدین صاحب قاسمی اور مہرما و ٹھاکر گنکٹی بلاک سے مولانا عرفان صاحب نایب صدر منتخب ہوءے۔۔معاون سکریٹری کے طور پر مولانا شمس پرویز مظاہری کا انتخاب عمل میں آیا جبکہ نایب سکریٹری کے لئے ماسٹر عبد المجید صاحب مہگاواں بلاک سے ، مفتی زاھد امان صاحب قاسمی بسنتراءے بلاک سے اور مفتی عبد الرحمن قاسمی مہرما بلاک سے منتخب ہوئے ۔۔خازن کے طور پر منتظمہ نے حاجی ولی صاحب پر بھرپور اعتماد کرتے ہوئے دوبارہ ان کا انتخاب کر لیا۔۔اجلاس کے مشاہد مفتی اقبال صاحب قاسمی کی پرسوز دعا پر مجلس کا اختتام ہوا۔۔۔