حق معلومات: تعارف
بہ سلسلہ: تعارف مؤلفات جہازی (1)
ہندستان میں حقِ معلومات قانون (Right to Information Act – RTI Act)
12 اکتوبر 2005ء کو مکمل طور پر نافذ العمل ہوا۔
چوں کہ حکومت ٹیکس یعنی عوامی پیسوں سے چلتی ہے،لہذا یہ قانون عوام کو یہ حق دیتا ہے کہ وہ سرکار سے خرچ کیے ہوئے اپنے پیسے کا حساب مانگے ۔
اسی طرح حکومت کی جتنی بھی عوامی فلاحی اور قومی اسکیمیں ہیں، ان تمام چیزوں کے متعلق ایک شہری کو حکومت سے جواب طلب کرنے کا یہ قانون حق دیتا ہے ۔
اب سوال یہ ہے کہ حکومت سے کیسے جواب طلب کیا جائے؟ ناچیز نے اس کتاب میں پہلے قانون کا مکمل ترجمہ کیا ہے ۔ پھر قانون سے اسفتادے کو آسانی کرنے کے لیے آف لائن اور آن لائن آر ٹی آئی ڈالنے کے طریقے بھی لکھ دیے ہیں ۔
چوں کہ یہ کتاب قانون سے متعلق تھی، اس لیے قانون کے ماہرین سپریم کورٹ کے دو وکلا جناب نور اللہ ممبر لیگل سیل جمعیت علمائے ہند اور جناب قاضی مفتاح الدین صاحب صدیقی سابق ڈپٹی سکریٹری ہوم دہلی سرکار کے سطر سطر تنقیدی مطالعے اور ان کی اصلاحات اس میں شامل کی گئی ہیں ۔
قائد جمعیت حضرت مولانا محمود اسعد مدنی صاحب صدر جمعیت علمائے ہند کی کرم گستری اس کی اشاعت کی مظہر جمیل ہے ۔ ناشر کا عنوان شعبۂ نشرو اشاعت جمعیت علمائے ہند ہے۔
اشاعت کے اعتبار سے ناچیز کی یہ پہلی کتاب ہے، اس لیے تعارف کا آغاز اسی سے کیا گیا ہے ۔
محمد یاسین جہازی
ذیل میں قائد جمعیت حضرت مولانا محمود اسعد مدنی صاحب کا پیغام اور جناب قاضی صاحب کی تقریظ درج کی جارہی ہے، جو کتاب کی اہمیت و افادیت کا استعارہ ہے ۔
جزاھم اللہ و جزاکم اللہ خیرا ۔
قائد ملت اسلامیہ حضرت مولانا سید محمود اسعد مدنی صاحب جنرل سکریٹری جمعیت علمائے ہند کاپیغام
آرٹی آئی ایکٹ بھارت میں آئینی اور قانونی حقوق سے واقفیت اور سرکار کے فلاحی منصوبوں سے آگاہی کا بہت ہی اہم ذریعہ ہے۔ جمہوریت اور قانون کی حکمرانی کے لیے یہ ضروری ہے کہ عوام حکومت کے ارادوں اور منشا میں گو کہ دخیل نہ ہوں، مگر اس حد تک واقف ضرورہوں کہ وہ اپنے جمہوری اور آئینی حقوق کو سمجھ سکیں اور حسب موقع استعمال کرسکیں۔ غرضیکہ یہ قانون ایسا موثر ہتھیار ہے جس کے بموجب عوام سرکاری کاموں کی نگرانی کا اختیار حاصل کرلیتے ہیں۔
اب تک یہ ایکٹ صرف انگریزی زبان میں دستیاب تھاجس کا حلقہ کافی محدود ہے۔ محترم مولانا محمد یاسین جہازی صاحب معتمد مرکز دعوت اسلام جمعےۃ علماء ہند نے کافی عرق ریزی سے ”حق معلومات“ کے نام سے نہ صرف اس کا اردو زبان میں آسان ترجمہ کیا ہے؛ بلکہ انھوں نے اس قانون سے استفادے کے طریقوں پر بھی تفصیل سے روشنی ڈالی ہے۔ امید ہے کہ اس کے فوائد ملک کے وسیع حلقے تک پہنچیں گے؛بالخصوص کمزور طبقات کے لیے اپنے حقوق کی بحالی و دستیابی میں بہت ہی معاون ثابت ہو گا۔ (ان شاء اللہ)
خاکسار اس کے لیے مولانا موصوف کو مبارکباد پیش کرتاہے اور دعاگو ہے کہ اللہ رب العزت ان کی اس خدمت کو شرف قبولیت سے نوازے۔ (آمین)
(مولانا) محمود اسعد مدنی (صاحب) دامت برکاتہم جنرل سکریٹری جمعیت علمائے ہند 4/ستمبر 2019تقریظ
جناب قاضی مفتاح الدین صدیقی سابق ڈپٹی سکریٹری ہوم دہلی سرکار
Right to Information Act 2005 ایک ایسا قانون ہے، جو عوام الناس کے لیے بہت کارآمد ہے۔ اس قانون کا علم زیادہ سے زیادہ اشخاص کو ہونا چاہیے۔ اس قانون کے ذریعہ دس روپیہ پوسٹل آرڈر لگاکر یا دس روپیہ متعلقہ محکمہ میں فیس دے کر گھر بیٹھے ایک ماہ کے اندر معلومات حاصل کی جاسکتی ہیں۔ اب اس قانون کے ذریعہ آن لائن بھی معلومات لی جاسکتی ہیں۔ اگر جواب ایک ماہ میں نہ ملے، یا مکمل نہ ملے، تو اس کی اپیل بغیر فیس کے اسی محکمہ کو کی جاسکتی ہے۔ اگر وہاں سے بھی تسلی بخش جواب نہ ملے تو دوسری اپیل انفارمیشن کمشنر کو دوماہ کے اندر کی جاسکتی ہے۔
حق اطلاعات کے اردو ترجمہ کی ضرورت بہت زمانہ سے کی جارہی تھی تاکہ عام آدمی بھی اس سے استفادہ کرسکیں۔ جناب محمد یاسین قاسمی جہازی صاحب نے یہ ضرورت پوری کردی ہے۔ میں نے اس ترجمہ کا تفصیلی مطالعہ کیا ہے۔ ماشاء اللہ جہازی صاحب نے بہت اچھا ترجمہ کیا ہے، جہاں ضرورت محسوس کی، انگریزی الفاظ کا استعمال بھی کیا ہے، جس سے ترجمہ کی افادیت میں بہت اضافہ ہوا ہے۔
میں جہازی صاحب کو اس ترجمہ کے لیے مبارکباد دیتا ہوں۔ ان شاء اللہ اس ترجمہ کو پڑھنے والے اس سے مستفید ہوں گے اور جہازی صاحب کو دعائے خیر میں یاد رکھیں گے۔
(جناب) قاضی مفتاح الدین صدیقی (صاحب)
سابق ڈپٹی سکریٹری ہوم دہلی سرکار


























