بہ سلسلہ: تعارف مؤلفات جہازی (1)
ناچیز کی کوشش یہ رہتی ہے کہ کسی بھی فن یا موضوع پر اسی وقت قلم اٹھایا جائے، جب کہ تحقیقات و ریسرچ نے کسی نئے پہلو سے متعارف کرایا ہو، یا پھر جامعیت کی تشنگی محسوس کی گئی ہو۔ یہی نظریہ ناچیز کی ایک نئی کتاب "رہ نمائے اردو ادب” کی تالیف کا باعث بنا، چنانچہ مصوتے، مصمتے، ہجا، اردو میں عربی الاصل، فارسی الاصل وغیرہ الفاظ کا استعمال، تراکیب مہند، نون کا اعلان و سقوط وغیرہ وغیرہ درجنوں مباحث ایسے ملیں گے، جن سے اس عنوان کی کتابیں عموماً محروم ہیں۔ جس کا اندازہ کتاب کے تقابلی مطالعہ سے لگایا جاسکتا ہے ۔
چوں کہ اردو اور عربی ادب میں میرے خصوصی مربی و استاذ، حضرت مولانا نور عالم خلیل امینی نور اللہ مرقدہ ہیں، اس لیے اس کتاب کے لیے یہ بھی ایک بڑی سعادت ہے کہ اسے حضرت استاذ محترم کے دعائیہ کلمات سے مزین ہونے کا شرف حاصل ہوا ہے۔
اس کتاب کے پورے پس منظر کو پیش کرنے کے لیے ناچیز کا پیش لفظ، اور حضرت استاذ محترم کی تقریظ بھی شئیر کی جارہی ہے۔
اشاعت کے اس موقع پر ایک ادنی مولف کو جس مسرت کا احساس ہورہا ہے،اس میں آپ حضرات کو شریک کرنے اور آپ کی دعائیں حاصل کرنے کے لیے یہ سطور لکھی گئی ہیں ۔ البتہ کتاب حاصل کرنے کے لیے دارالمعارف کے مولانا مقیم صاحب سے ہی رابطہ کرنا پڑے گا ۔ رابطہ نمبر درج ذیل ہے:
+919634460409
دعاؤں کا طالب محمد یاسین جہازی
پیش لفظ
زیرِ نظر کتاب: ”رہ نمائے اردو ادب“ تقریباً بائیس سال پہلے طالب علمی کے زمانے میں لکھی گئی تھی، لیکن مختلف وجوہات کی بنا پر اب اشاعت کے مرحلے تک پہنچ رہی ہے۔ اس طویل وقفے میں وقت کے ساتھ ساتھ مطالعے، تجربات اور طرزِ تحریر میں بھی تبدیلی آئی ہے۔ آج جب راقم اپنی اس پرانی کاوش کو دیکھتا ہے، تو محسوس ہوتا ہے کہ اگر اسے موجودہ علمی و تحریری معیار کے مطابق لکھا جاتا، تو ممکن ہے اس کے اسلوب، ترتیب اور بیان میں کچھ فرق ہوتا۔ تاہم، اس وقت کے علمی ذوق، فکری سطح اور دستیاب وسائل کے تناظر میں یہ تحریر اپنی جگہ ایک اہم کوشش ہے۔ اسی لیے اسے بڑی حد تک اس کی اصل صورت میں قارئین کے سامنے پیش کیا جا رہا ہے، تاکہ اس دور کی فکر و نظر اور علمی و قلمی کاوش کا ایک نمونہ محفوظ رہ سکے۔ امید ہے کہ قارئین اسے اسی پس منظر میں اس کی خوبیوں سے استفادہ کرتے ہوئے خامیوں کو انسانی کوشش کا فطری حصہ سمجھیں گے۔
میں اُن تمام بزرگوں، اہلِ علم اور احباب کا تہہ دل سے شکر گزار ہوں، جن کی حوصلہ افزائی، رہ نمائی اور دعاؤں نے میرے علمی و ادبی سفر میں معاونت کی۔ نیز ان قارئین کا بھی ممنون ہوں، جو اس کاوش کو اپنی توجہ سے نوازیں گے اور اپنی قیمتی آرا سے اصلاح کا سامان فراہم کریں گے۔
ہم خصوصی شکر گزار ہیں حضرت مولانا عبدالقدوس صاحب قاسمی نیرانوی استاد دارالعلوم زکریا جنوبی افریقہ کے، جنھوں نے اس کتاب کو زیورِ طبع سے آراستہ کر کے اہلِ علم و نظر تک پہنچانے کا بیڑا اٹھایا۔ اسی طرح مولانا عبدالنور صاحب قاسمی کے بھی صمیمِ قلب سے سپاس گزار ہیں، جنھوں نے نظرِ ثانی کے مراحل میں اپنی قیمتی آراء، اصلاحات اور علمی بصیرت سے نواز کر اس کاوش کی افادیت میں اضافہ کیا۔
اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ اس ادنیٰ علمی کاوش کو شرفِ قبولیت عطا فرمائے اور اسے قارئین کے لیے نافع اور میرے لیے ذریعۂ اجر و ثواب بنائے۔
(واللہ ولی التوفیق)


























