محمد یاسین جہازی
تعلیم محض چند کتابوں کا مطالعہ کرنے یا معلومات کو یاد کر لینے کا نام نہیں بلکہ یہ ایک ایسا مسلسل عمل ہے جو انسان کی سوچ، شخصیت، کردار، مشاہدے، تخلیقی صلاحیت اور عملی زندگی کو نکھارتا ہے۔ وقت کے ساتھ ساتھ تدریس کے انداز بھی بدلتے رہے ہیں۔ پہلے زمانے میں استاد ہی تعلیم کا محور سمجھا جاتا تھا اور طلبہ صرف سننے اور یاد کرنے تک محدود رہتے تھے، لیکن جدید تعلیمی نظریات نے طالب علم کو تدریسی عمل کا مرکز بنا دیا ہے۔
اسی لیے آج تدریس کے مختلف طریقے اختیار کیے جاتے ہیں تاکہ ہر طالب علم اپنی ذہنی استعداد، دلچسپی اور صلاحیت کے مطابق بہتر انداز میں سیکھ سکے۔ ذیل میں تدریس کے پینتیس اہم طریقوں کا تعارف پیش کیا جا رہا ہے۔
تدریس کے دو بنیادی پہلو ہیں:
1۔ استاد مرکوز تدریس
2۔ طالب علم مرکوز تدریس
روایتی نظام میں استاد کو مرکزی حیثیت حاصل تھی، جبکہ جدید تعلیم میں طالب علم کی شرکت، تجربہ، مشاہدہ اور عملی سرگرمیوں کو زیادہ اہمیت دی جاتی ہے۔
1۔ کہانی کے ذریعے تدریس (Story Telling Method)
یہ تدریس کا ایک قدیم لیکن نہایت مؤثر طریقہ ہے۔ اس میں استاد کسی موضوع کو کہانی، واقعے یا دلچسپ قصے کے ذریعے بیان کرتا ہے۔ بچے کہانیوں کو شوق سے سنتے ہیں اور ان سے حاصل ہونے والے اسباق کو دیر تک یاد رکھتے ہیں۔
اس طریقے سے بچوں میں:
- تخیل کی قوت بڑھتی ہے۔
- زبان بہتر ہوتی ہے۔
- اخلاقی اقدار پیدا ہوتی ہیں۔
- سیکھنے کا شوق بڑھتا ہے۔
یہ طریقہ خاص طور پر کم عمر بچوں کے لیے نہایت موزوں سمجھا جاتا ہے۔
2۔ کتابی متن کے ذریعے تدریس (Text Book Method)
جب طلبہ کی ابتدائی دلچسپی پیدا ہو جائے تو انہیں باقاعدہ نصاب سے متعارف کرایا جاتا ہے۔ اس مقصد کے لیے کتابی متن کا طریقہ اختیار کیا جاتا ہے۔ اس میں استاد کتاب کا متن پڑھتا، اہم نکات کی وضاحت کرتا اور طلبہ سے بھی مطالعہ کرواتا ہے۔
اس طریقے کی کامیابی کے لیے ضروری ہے کہ:
- زبان آسان ہو۔
- مواد طلبہ کی عمر کے مطابق ہو۔
- مثالیں دلچسپ ہوں۔
- کتاب کی طباعت اور ترتیب پرکشش ہو۔
3۔ تقریری طریقہ (Lecture Method)
یہ تدریس کا سب سے زیادہ استعمال ہونے والا طریقہ ہے۔ اس میں استاد کسی موضوع پر مسلسل گفتگو کرتا ہے، اس کی وضاحت کرتا ہے اور مثالوں کے ذریعے اسے آسان بناتا ہے۔
اس طریقے کے فوائد یہ ہیں:
- کم وقت میں زیادہ معلومات دی جا سکتی ہیں۔
- بڑی جماعت کو پڑھانا آسان ہوتا ہے۔
- مضمون کو منظم انداز میں پیش کیا جا سکتا ہے۔
تاہم اگر استاد دلچسپ انداز اختیار نہ کرے تو طلبہ کی دلچسپی کم ہو سکتی ہے۔
4۔ مشاہداتی طریقہ (Demonstration Method)
کبھی صرف سننا کافی نہیں ہوتا بلکہ چیزوں کو دیکھنا بھی ضروری ہوتا ہے۔ اسی ضرورت کو پورا کرنے کے لیے مشاہداتی طریقہ استعمال کیا جاتا ہے۔
مثلاً:
- گلوب کے ذریعے دنیا کی ساخت سمجھانا۔
- الیکٹریکل سرکٹ دکھا کر بجلی کی وضاحت کرنا۔
- لیبارٹری میں عملی تجربات کروانا۔
اس طریقے سے طلبہ کا فہم زیادہ مضبوط ہوتا ہے کیونکہ وہ چیزوں کو اپنی آنکھوں سے دیکھتے ہیں۔
5۔ جماعتی تدریس (Tutorial Method)
اس طریقے میں طلبہ کو چھوٹے چھوٹے گروپوں میں تقسیم کیا جاتا ہے۔ ہر گروپ میں مختلف ذہنی صلاحیت رکھنے والے طلبہ شامل کیے جاتے ہیں تاکہ وہ ایک دوسرے سے سیکھ سکیں۔
اس طریقے سے:
- باہمی تعاون پیدا ہوتا ہے۔
- کمزور طلبہ کی مدد ہوتی ہے۔
- سیکھنے کا ماحول بہتر ہوتا ہے۔
6۔ سوال و جواب کا طریقہ (Question & Answer Method)
یہ طریقہ قدیم فلسفی سقراط سے منسوب ہے۔ اس میں استاد سوالات کے ذریعے طلبہ کی سوچ کو بیدار کرتا ہے۔
اس طریقے کے ذریعے:
- طلبہ میں تجسس پیدا ہوتا ہے۔
- سوچنے کی صلاحیت بڑھتی ہے۔
- یادداشت بہتر ہوتی ہے۔
- استاد کو طلبہ کی سمجھ کا اندازہ ہو جاتا ہے۔
7۔ بحث و مباحثہ (Discussion Method)
تعلیم صرف سننے کا نام نہیں بلکہ اپنے خیالات کے اظہار کا نام بھی ہے۔ اس مقصد کے لیے بحث و مباحثہ کا طریقہ استعمال کیا جاتا ہے۔
اس کے فوائد:
- تنقیدی سوچ پیدا ہوتی ہے۔
- اختلاف رائے برداشت کرنے کی عادت بنتی ہے۔
- قائدانہ صلاحیت پیدا ہوتی ہے۔
- اظہار کی قوت میں اضافہ ہوتا ہے۔
8۔ انکشافی طریقہ (Heuristic Method)
اس طریقے میں استاد براہ راست جواب نہیں دیتا بلکہ طلبہ کو خود تحقیق اور تلاش کی طرف راغب کرتا ہے۔
طلبہ:
- معلومات تلاش کرتے ہیں۔
- مسائل کا تجزیہ کرتے ہیں۔
- غلطیوں سے سیکھتے ہیں۔
- نتائج خود اخذ کرتے ہیں۔
اسی لیے یہ طریقہ خود اعتمادی پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
9۔ کھوج یا دریافت کا طریقہ (Discovery Method)
یہ طریقہ انکشافی طریقے سے ملتا جلتا ہے لیکن اس میں طلبہ پہلے سے موجود حقائق کو تلاش کرتے ہیں اور ان کی تشریح کرتے ہیں۔
اس طریقے سے:
- تجسس بڑھتا ہے۔
- تحقیق کا شوق پیدا ہوتا ہے۔
- طالب علم خود سیکھنے کا عادی بنتا ہے۔
10۔ پروجیکٹ طریقہ (Project Method)
جدید تعلیم میں عملی کام کو بہت اہمیت دی جاتی ہے۔ اسی لیے طلبہ کو مختلف منصوبے یا پروجیکٹ دیے جاتے ہیں۔
مثال کے طور پر:
- توانائی کی بچت پر رپورٹ تیار کرنا۔
- پانی کے ضیاع پر سروے کرنا۔
- شمسی توانائی کا ماڈل بنانا۔
اس طریقے سے:
- تخلیقی صلاحیت پیدا ہوتی ہے۔
- تحقیق کا جذبہ بڑھتا ہے۔
- ٹیم ورک کی عادت پیدا ہوتی ہے۔
11۔ کردار نگاری (Role Play Method)
اس طریقے میں طلبہ مختلف کردار ادا کرتے ہیں اور عملی طور پر کسی صورت حال کو پیش کرتے ہیں۔
اس سے:
- اعتماد پیدا ہوتا ہے۔
- اظہار کی صلاحیت بڑھتی ہے۔
- عملی تجربہ حاصل ہوتا ہے۔
12۔ اجتماعی ذہنی مشق (Brainstorming Method)
اس طریقے میں ایک مسئلہ پیش کیا جاتا ہے اور طلبہ سے کہا جاتا ہے کہ وہ اس کے زیادہ سے زیادہ حل پیش کریں۔
اس کے فوائد:
- نئے خیالات پیدا ہوتے ہیں۔
- تخلیقی سوچ پروان چڑھتی ہے۔
- اجتماعی ذہانت سے بہتر نتائج حاصل ہوتے ہیں۔
13۔ عملی مشق کا طریقہ (Drill Method)
اس طریقے میں کسی مہارت کی بار بار مشق کروائی جاتی ہے تاکہ طلبہ اس میں مکمل مہارت حاصل کر سکیں۔
14۔ مثال سے اصول تک (Inductive Method)
اس میں پہلے مختلف مثالیں دی جاتی ہیں، پھر ان سے ایک عمومی اصول اخذ کیا جاتا ہے۔
15۔ اصول سے مثال تک (Deductive Method)
اس طریقے میں پہلے اصول بتایا جاتا ہے اور پھر اس کی مثالیں پیش کی جاتی ہیں۔
16۔ مسئلہ حل کرنے کا طریقہ (Problem Solving Method)
اس طریقے میں طلبہ کے سامنے ایک مسئلہ رکھا جاتا ہے اور وہ اس کے حل کے لیے مختلف راستے اختیار کرتے ہیں۔
17۔ مطالعاتی دورہ (Field Trip Method)
تعلیم کو کلاس روم سے باہر لے جانا بھی ضروری ہے۔ اسی لیے طلبہ کو مختلف مقامات پر لے جا کر عملی مشاہدہ کروایا جاتا ہے۔
18۔ کھیل کے ذریعے تدریس (Play Way Method)
بچے کھیل کو پسند کرتے ہیں، اس لیے کھیل ہی کھیل میں تعلیم دینا ایک مؤثر طریقہ سمجھا جاتا ہے۔
19۔ مونٹیسوری طریقہ (Montessori Method)
اس طریقے میں بچے اپنے حواس کے ذریعے سیکھتے ہیں اور استاد صرف رہنمائی کرتا ہے۔
20۔ ڈالٹن طریقہ (Dalton Method)
اس طریقے میں طلبہ کو اپنی رفتار کے مطابق کام کرنے کی آزادی دی جاتی ہے۔
21۔ سرگرمی پر مبنی تدریس (Activity Method)
یہ طریقہ اس تصور پر مبنی ہے کہ انسان سب سے زیادہ سیکھتا تب ہے جب وہ خود کام کرتا ہے۔
22۔ تجزیاتی طریقہ (Analysis Method)
کسی بڑے مسئلے کو چھوٹے حصوں میں تقسیم کرکے سمجھنا اور پھر اس کی وضاحت کرنا۔
23۔ ترکیبی طریقہ (Synthesis Method)
مختلف معلومات کو یکجا کرکے ایک جامع نتیجہ اخذ کرنا۔
24۔ ذرائع کے ذریعے تدریس (Source Method)
کتب، تصاویر، دستاویزات اور دیگر ذرائع سے معلومات حاصل کرنا۔
25۔ مائیکرو ٹیچنگ (Micro Teaching)
اساتذہ کی تربیت کا ایک جدید طریقہ جس میں مختصر وقت کے لیے تدریس کی مشق کروائی جاتی ہے۔
26۔ سماجی تعلقات کا طریقہ (Sociometry Method)
اس میں طلبہ کے باہمی تعلقات، پسند و ناپسند اور سماجی رویوں کا مطالعہ کیا جاتا ہے۔
27۔ ونیٹکا طریقہ (Winnetka Method)
یہ طریقہ ہر طالب علم کی انفرادی صلاحیت اور رفتار کو اہمیت دیتا ہے۔
28۔ پروگرامڈ لرننگ (Programmed Learning Method)
اس میں تعلیم کو چھوٹے چھوٹے مراحل میں تقسیم کیا جاتا ہے تاکہ طالب علم آسانی سے سیکھ سکے۔
29۔ پانچ مراحل پر مبنی تدریس
1۔ تیاری
2۔ پیش کش
3۔ ربط پیدا کرنا
4۔ عمومی اصول اخذ کرنا
5۔ عملی اطلاق
30۔ بریل طریقہ (Braille Method)
یہ نابینا افراد کے لیے تعلیم کا خصوصی نظام ہے جس میں ابھرے ہوئے نقطوں کے ذریعے پڑھایا جاتا ہے۔
31۔ تقلیدی طریقہ (Imitation Method)
بچے دوسروں کو دیکھ کر سیکھتے ہیں، اس لیے استاد کا کردار ایک بہترین نمونے کا ہونا چاہیے۔
32۔ بنیادی تعلیم کا طریقہ (Basic Education Method)
اس میں تعلیم کو عملی زندگی، معاشرت اور روزگار کے ساتھ جوڑا جاتا ہے۔
33۔ مولوی اسماعیل میرٹھی کا طریقہ
اس طریقے میں بچوں کی ذہنی سطح اور نفسیات کو مدنظر رکھ کر آسان، تدریجی اور دلچسپ انداز میں تعلیم دی جاتی ہے۔
34۔ جمعیتی طریقہ
اس میں طلبہ کی دلچسپی، آسان فہم زبان، سرگرمیوں اور حوصلہ افزائی کو بنیادی اہمیت دی جاتی ہے۔
35۔ جہازی طریقہ
یہ طریقہ عملی سرگرمیوں، کھیل، تجربات اور مقامی ماحول کے مطابق سیکھنے پر زور دیتا ہے۔ اس کا مقصد بچوں کو محض معلومات کا ذخیرہ بنانا نہیں بلکہ انہیں عملی زندگی کے لیے تیار کرنا ہے، تاکہ وہ علم کو اپنی زندگی میں استعمال کرنا سیکھ سکیں۔
محمد یاسین جہازی




















