سہوڑہ گاؤں کی مسجد میں فجر بعد اصلاحی نشست، عبادت، تعلیم، دعوت اور خدمتِ خلق کو مسجد کی سرگرمیوں کا حصہ بنانے پر زور
بلاک بسنت رائے، ضلع گڈا، 17 ستمبر 2026ء:
جمعیت علماء بلاک بسنت رائے، ضلع گڈا کی جانب سے مساجد کو عبادت کے ساتھ تعلیم، دعوت، اصلاح اور خدمتِ خلق کا مؤثر مرکز بنانے کے لیے جاری ’’گاؤں گاؤں مثالی مسجد‘‘ مہم کے سلسلے کی تیسری کڑی سہوڑہ گاؤں میں سامنے آئی، جہاں جمعیت علماء بلاک بسنت رائے کے صدر مفتی محمد نظام الدین قاسمی نے فجر کی نماز ادا کرائی اور نماز کے بعد مسجد میں موجود نمازیوں اور اہلِ بستی سے اصلاحی گفتگو کی۔
مفتی محمد نظام الدین قاسمی نے مسجد کی اہمیت بیان کرتے ہوئے کہا کہ مسجد صرف نماز کی ادائیگی کی جگہ نہیں بلکہ پورے معاشرے کی دینی تربیت اور اصلاح کا مرکز ہے۔ اگر مسجد میں نماز، تلاوت، ذکر، تعلیم، دعوت اور اصلاح کا ماحول مضبوط ہو تو اس کے اثرات پورے گاؤں کے گھروں تک پہنچ سکتے ہیں۔ انہوں نے بالخصوص بچوں کی دینی تعلیم، نوجوانوں کی تربیت، بڑوں کی دینی رہنمائی اور خواتین و بچیوں کے لیے مناسب دینی تعلیم کے انتظام کی ضرورت پر توجہ دلائی۔
انہوں نے کہا کہ ’’مثالی مسجد‘‘ سے مراد صرف ایک خوب صورت عمارت نہیں بلکہ ایسی مسجد ہے جو اپنے ماحول کے لوگوں کی دینی اور سماجی زندگی میں مثبت کردار ادا کرے۔ مسجد سے وابستہ افراد کو چاہیے کہ وہ اپنے اردگرد رہنے والے ضرورت مندوں، بیماروں، غریبوں اور دینی تعلیم سے دور لوگوں کی خبرگیری کریں اور محبت و خیرخواہی کے ساتھ انہیں مسجد اور دینی ماحول سے جوڑنے کی کوشش کریں۔
فجر کے بعد ہونے والی اس اصلاحی نشست میں اہلِ بستی نے گفتگو کو سراہا اور مسجد کو مزید فعال بنانے کے لیے اس طرز پر دینی و اصلاحی سرگرمیاں شروع کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ لوگوں نے اس بات کا بھی اظہار کیا کہ ان شاء اللہ مسجد کو عبادت کے ساتھ تعلیم، دعوت، اصلاح اور خدمتِ خلق کا مرکز بنانے کی کوشش کر یں گے ـ
اس موقع پر جمعیت علماء بلاک بسنت رائے کے مجلسِ عاملہ کے رکن حافظ جمال صاحب، سہوڑہ مسجد کے امام اور جمعیت کی مجلسِ منتظمہ کے رکن مولانا عبداللہ صاحب سمیت مسجد کے نمازی اور دیگر اہلِ بستی موجود رہے۔
واضح رہے کہ جمعیت علماء بلاک بسنت رائے کی ’’گاؤں گاؤں مثالی مسجد‘‘ مہم کا مقصد ہر گاؤں کی مسجد کو محض نماز کی جگہ کے بجائے ایک فعال دینی، تعلیمی، اصلاحی، دعوتی اور سماجی مرکز بنانا ہے، تاکہ مسجد کا فیض پورے گاؤں کے ہرفرد تک پہنچ سکے۔























