5.5.3 درسی کتاب کی ڈیزائننگ کے اصول
درسی کتاب کی تیاری کے لیے مندرجہ ذیل اصول ایک مفید رہنما خطوط فراہم کرتے ہیں:
- الف۔ نصابی اصول (Curriculum Principle): درسی کتاب کو خاص طور پر بنیادی مرحلے (Foundational Stage) کے لیے طے شدہ صلاحیتوں (Competencies) کو حاصل کرنے کے لیے ڈیزائن کیا جانا چاہیے۔ درسی کتاب تیار کرنے والوں اور ڈیزائنرز کو نہ صرف اس مخصوص ڈومین یا مضمون کے لیے طے شدہ صلاحیتوں سے آگاہ ہونا چاہیے جس کے لیے کتاب بنائی جا رہی ہے، بلکہ پورے مرحلے کی صلاحیتوں کا بھی علم ہونا چاہیے۔ اس سے وہ بنیادی مرحلے کے مختلف شعبوں کے درمیان افقی روابط قائم کر سکیں گے۔
- ب۔ مضامینی اصول (Discipline Principle): درسی کتاب بنانے والوں کو اطلاقی لسانیات (applied linguistics) اور ریاضی کا اچھے سے علم ہونا چاہیے. کتاب میں شامل مواد اور ترتیب میں اس بات کا خیال رکھنا چاہیے کہ ان مضامین کے بنیادی اصولوں کی نفی نہ ہو۔
- ج۔ تدریسی اصول (Pedagogy Principle): درسی کتاب بنانے والوں کو ایسی تدریس کی واضح سمجھ ہونی چاہیے جو متعلقہ صلاحیت اور مواد کے لیے موزوں ہو (مثلاً زبان کے معاملے میں زبانی زبان، صوتیات (phonics)، اور الفاظ کو حل کرنے کی ہدایات اور معنی تلاش کرنے کی ضروریات کو ایک ساتھ شامل کرنے کا متوازن طریقہ)۔
- د۔ تکنیکی اصول (Technology Principle): درسی کتاب بنانے والوں کو بچوں کے سیکھنے کے تجربے کو بہتر بنانے کے لیے دستیاب موجودہ ٹیکنالوجی اور آڈیو وژوئل مواد سے آگاہ ہونا چاہیے۔ ایسی سرگرمیاں جن میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کا استعمال شامل ہو اور بیرونی مواد کے حوالے ہوں، انھیں درسی کتاب میں مناسب طریقے سے شامل کیا جانا چاہیے۔
- ہ۔ سیاق و سباق کا اصول (Context Principle): درسی کتاب میں مواد کے انتخاب کے لیے بچے کا مقامی پس منظر اور ماحول ایک بہت اہم غور طلب پہلو ہونا چاہیے۔ جانی پہچانی چیزوں سے ناواقف چیزوں کی طرف جانا سیکھنے کا ایک اہم پہلو ہے، اور درسی کتاب میں ایسے مانوس پس منظر کا توازن ہونا چاہیے جو بچوں کے لیے آرام دہ ہو اور ساتھ ہی ایسے ناواقف پس منظر بھی ہونے چاہیے جو ان کے خیالات اور ترجیحات میں تجسس اور چیلنج پیدا کریں۔
- و۔ پیشکش کا اصول (Presentation Principle): درسی کتابیں پرکشش ہونی چاہئیں اور چھوٹے بچوں کی توجہ اپنی طرف مبذول کرانی چاہئیں. بنیادی مرحلے کے لیے، بصری مواد (visual material) اور متن (text) کے درمیان توازن بصری مواد کی طرف جھکا ہوا ہونا چاہیے۔ رنگوں کے امتزاج اور ڈیزائن کے موضوعات پرکشش اور یکساں ہونے چاہئیں۔ متن کے فونٹس اور سائز اس طرح کے ہونے چاہیے کہ وہ چھوٹے بچوں کے لیے پڑھنے میں آسان اور واضح ہوں۔
- ز۔ تنوع اور شمولیت (Diversity and Inclusion): ہندوستانی پس منظر میں، درسی کتابوں کے مواد کے انتخاب میں تنوع اور شمولیت کو ایک اہم اصول کے طور پر برقرار رکھنا ضروری ہے، یہاں تک کہ ریاستوں کے اندر بھی۔ ریاستوں کے اندر علاقائی تغیرات پائے جاتے ہیں اور درسی کتابوں میں ان کی مناسب نمائندگی ہونی چاہیے۔ جنس اور کمیونٹی کی متوازن نمائندگی (مثلاً کہانیوں، کرداروں اور تصاویر کے استعمال کے ذریعے) کو یقینی بنایا جانا چاہیے۔
















