حکومت کی طرف سے جاری ایجوکیشن کمیشنوں کی سفارشات، مدارسِ اسلامیہ پر ان کے اثرات اور جمعیت علمائے ہند کی جدوجہد
محمد یاسین جہازی
1۔ ہندستان میں تعلیمی کمیشنوں کا تاریخی پس منظر
دنیا بھر کی حکومتیں اپنے نظامِ تعلیم کو بہتر اور عصرِ حاضر سے ہم آہنگ بنانے کے لیے بچوں کی نفسیات اور نیوروسائنس پر تحقیقات کرتی ہیں اور ملکی و عالمی تجربات کی روشنی میں پانچ سالہ اور دس سالہ تعلیمی منصوبے مرتب کرتی ہیں۔ ہندستان میں بھی انگریز دور سے لے کر آج تک تعلیمی اصلاح اور ترقی کے لیے متعدد کمیشن، کمیٹیاں اور جائزہ ادارے قائم کیے گئے، جن میں بعض نے پورے نظامِ تعلیم، بعض نے ابتدائی، ثانوی اور اعلیٰ تعلیم، جب کہ بعض نے قومی تعلیمی پالیسی کی تشکیل اور نظرثانی پر کام کیا۔
غلام بھارت میں پہلی مرتبہ 1835ء میں لارڈ میکالے کا میکالے منٹ تعلیمی رپورٹ پیش کی گئی۔ آزادی سے پہلے 1944ء میں بارھویں اور آخری سارجنٹ رپورٹ سامنے آئی۔ آزادی کے بعد 1948ء میں یونی ورسٹی ایجوکیشن کمیشن اور 1952ء میں سیکنڈری ایجوکیشن کمیشن قائم ہوئے۔ 14 جولائی 1964ء کو ڈاکٹر دولت سنگھ کوٹھاری کی صدارت میں کوٹھاری کمیشن قائم ہوا، جس نے جون 1966ء میں Education and National Development کے عنوان سے رپورٹ پیش کی۔ اس میں تعلیمی ڈھانچے کو 3+2+10، یکساں تعلیمی مواقع اور قومی نظامِ تعلیم کی سفارشات کے طور پر پیش کیا گیا۔
2۔ کوٹھاری کمیشن 1964ء اور مدارس کے لیے تشویش ناک سفارشات
کمیشن کی بعض سفارشات سے اہلِ مدارس کو تشویش ہوئی۔ پیراگراف 10/5 اور 10/19 میں پڑوسی یا مشترکہ اسکولوں کا تصور پیش کیا گیا، جس کے مطابق ایک علاقے کے تمام بچوں کو اسی علاقے کے مشترکہ اسکول میں داخل ہونا تھا۔ اہلِ مدارس کے نزدیک اس سے آزاد مکاتب و مدارس کا وجود خطرے میں پڑ سکتا تھا۔ پیراگراف 10/77 میں دستور کی دفعہ 30 کے تحت اقلیتوں کے تعلیمی ادارے قائم کرنے کے حق کا اعتراف کرنے کے باوجود پیراگراف 10/80 میں تمام نجی تعلیمی اداروں کی لازمی رجسٹریشن، غیر رجسٹرڈ ادارہ چلانے کو جرم قرار دینے اور ریاستی حکومتوں کو رجسٹریشن منسوخ کرنے کے اختیارات دینے کی سفارش کی گئی۔ عمارت، طلبہ کی تعداد، عمر و جنس کے لحاظ سے گنجائش، تعلیم کے انتظام اور مالک یا استاد کے موزوں ہونے جیسے اسباب منسوخی کی بنیاد بن سکتے تھے۔
چنانچہ سب سے پہلے انجمن تعلیماتِ دین ضلع اعظم گڑھ نے 4 جون 1967ء کو منعقد اپنے پروگرام میں مفصل تجاویز منظور کرکے ان سفارشات کو دستورِ ہند کے منافی قرار دیا۔ یہ تجاویز حکومتی ذمہ داروں کو بھیجی گئیں اور ایک وفد مرکزی وزیرِ تعلیم ایم سی چھاگلا سے ملا، تاکہ دینی اقلیتی اداروں کو ان سفارشات سے مستثنیٰ رکھا جائے۔
3۔ اقلیتی تعلیمی حقوق پر حکومتی بیانات اور اقدامات
اس کے بعد 10 فروری 1972ء کو مرکزی وزیرِ قانون ہری رام چندر گوکھلے نے کیرالا میں ایک بیان دیا کہ اقلیتوں کے تعلیمی ادارے قائم کرنے اور چلانے کے حقوق تعلیمی ترقی میں رکاوٹ بن گئے ہیں۔ پھر 20 مارچ 1972ء کو گورنر یوپی ڈاکٹر بیزواڑا گوپال ریڈی نے تمام پرائمری اور جونیئر ہائی اسکولوں کو سرکاری کنٹرول میں لینے کا اعلان کیا۔
ان سرکاری اہل کاروں کے بیانات نے اہلِ مدارس میں تشویش کی لہر پیدا کردی۔ چنانچہ 16 اپریل 1972ء کو مرکزی دینی تعلیمی بورڈ، جمعیت علمائے ہند کا ہنگامی اجلاس منعقد ہوا۔ مولانا عبد الوہاب آرَوی کی تجویز پر حکیم الاسلام مولانا قاری محمد طیب، مہتمم دارالعلوم دیوبند، صدر منتخب ہوئے۔ مولانا اسعد مدنی، مولانا سید محمد میاں، مولانا قاضی زین العابدین، مولانا قاضی سجاد حسین، مولانا سید نور اللہ، مولانا محمد قاسم، مفتی عبد الدائم جلالی، ڈاکٹر سعید انصاری، ڈاکٹر عشرت حسین، ڈاکٹر سلامت اللہ خاں، مولانا تقی امینی، مولانا جمیل الرحمان، مولانا منظور حسین قاسمی، مولانا اسحاق سنبھلی اور دیگر علما و ماہرین شریک ہوئے۔ اجلاس نے اقلیتی تعلیمی حقوق کے تحفظ، مدارس کے نصاب و نظام کی اصلاح اور ملک گیر اجتماع بلانے کا فیصلہ کیا۔
4۔ 1972ء کا کل ہند دینی تعلیمی اجتماع اور آٹھ اہم فیصلے
چنانچہ 8 مئی 1972ء کو کل ہند دینی تعلیمی اجتماع منعقد کیا گیا، جس کی صدارت مولانا قاری محمد طیب، مہتمم دارالعلوم دیوبند نے کی۔ انھوں نے اپنے صدارتی خطاب میں حکومت کے متضاد بیانات کی نشان دہی کرتے ہوئے مدارس کے ذمہ داروں کو اپنی داخلی خامیاں دور کرنے کی تلقین کی۔ مولانا اسعد مدنی، ناظمِ عمومی جمعیت علمائے ہند نے کہا کہ دینی تعلیم اور اس کے ادارے قائم کرنا اقلیتوں کا دستوری حق ہے۔ مولانا منظور حسین قاسمی، مولانا جمیل الرحمان، مولانا اسحاق سنبھلی، مولانا تقی امینی، قاضی زین العابدین، مولانا عبد الجلیل خطیب، مسٹر ریاض عمر اور مولانا عبد الرحمان پالن پوری نے بھی خطاب کیا۔
اجتماع نے کل آٹھ فیصلے کیے:
اول: اقلیتی تعلیمی اداروں کے قومیانے کی مخالفت۔ اجتماع نے مرکزی وزیرِ قانون اور گورنر اتر پردیش کے بیانات اور کوٹھاری کمیشن کی ان سفارشات پر تشویش ظاہر کی جن میں اقلیتی تعلیمی اداروں کو سرکاری تحویل میں لینے کی تجاویز پیش کی گئی تھیں۔ اسے دستورِ ہند کی دفعہ 30 کی خلاف ورزی اور اقلیتی حقوق میں مداخلت قرار دیتے ہوئے حکومت سے ان تجاویز کو نظرانداز کرنے کا مطالبہ کیا اور ان کی مزاحمت کا اعلان کیا۔
دوم: تعلیمی و انتظامی معیار کی بہتری۔ مسلم تعلیمی اداروں سے اپیل کی گئی کہ وہ اپنے تعلیمی اور انتظامی نظام کو بہتر بنائیں اور معیار بلند کریں، تاکہ حکومت تعلیمی و انتظامی کمزوریوں کو بنیاد بنا کر ان اداروں میں مداخلت نہ کرسکے۔
سوم: صباحی و شبینہ مکاتب کا قیام۔ مسلمانوں کو نئی نسل کی دینی تعلیم و تربیت کے لیے زیادہ سے زیادہ صبح اور رات کے مکاتب قائم کرنے کی ترغیب دی گئی، جن کے لیے مرکزی دینی تعلیمی بورڈ کا تیار کردہ نصاب اور چارٹ استعمال کیے جائیں، تاکہ بچے بنیادی دینی تعلیم سے محروم نہ رہیں۔
چہارم: دستوری حقوق کا تحفظ۔ مسلمانوں سے اپیل کی گئی کہ مذہبی تعلیم اور اپنے تعلیمی ادارے قائم و جاری رکھنے کے دستوری حق کے تحفظ کے لیے سرگرم جدوجہد کریں۔ مسلم اداروں میں اردو میڈیم اختیار کرنے اور جہاں دینی تعلیم کا انتظام نہ ہو، وہاں اسے قائم کرنے پر بھی زور دیا گیا۔
پنجم: سرکاری مالی امداد کا حصول۔ مسلم تعلیمی اداروں کو دستورِ ہند کی دفعہ 30(2) کے تحت صوبائی حکومتوں سے مالی امداد حاصل کرنے کی کوشش کرنے اور اس سلسلے میں قانونی تقاضوں و خامیوں کو پورا کرنے کی ہدایت دی گئی، تاکہ ان کی مالی مشکلات دور ہوسکیں۔
ششم: سرکاری اسکولوں میں دینی تعلیم۔ جن مقامات پر دینی تعلیم کا مستقل انتظام موجود نہ ہو، وہاں سرکاری اسکولوں میں ہفتہ وار چار پیریڈ دینی تعلیم کے لیے مختص کرانے کا مطالبہ کرنے کی اپیل کی گئی۔ اس مقصد کے لیے مسلمان تربیت یافتہ اساتذہ فراہم کریں اور ان کے اخراجات خود برداشت کریں۔
ہفتم: مدارس و مکاتب کا بورڈ سے الحاق۔ مدارس، مکاتب اور دیگر دینی تعلیمی اداروں کو تعلیمی و انتظامی معیار بہتر بنانے کے لیے متحد ہونے، مرکزی دینی تعلیمی بورڈ کے ماتحت صوبائی بورڈ قائم کرنے اور ان سے الحاق کرنے کی اپیل کی گئی، تاکہ نصاب و نظامِ تعلیم کی اصلاح اور اداروں کے مسائل کے حل میں بورڈ معاونت کرسکے۔
ہشتم: آل انڈیا دینی تعلیمی ٹرسٹ کا قیام۔ مرکزی دینی تعلیمی بورڈ کے ماتحت آل انڈیا دینی تعلیمی ٹرسٹ قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا، تاکہ ضرورت مند دینی تعلیمی اداروں کی مالی مدد کی جاسکے اور اردو میڈیم سے اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے یا مقابلے کے امتحانات میں شریک ہونے والے طلبہ کی حوصلہ افزائی کی جاسکے۔
5۔ کوٹھاری کمیشن کی سفارشات کے خلاف جمعیت کی ملک گیر مہم
اس اجتماع کے بعد 20، 21 اپریل 1974ء کی مجلس عاملہ نے مدارس کا اجتماع بلانے کا فیصلہ کیا۔ 24 اپریل 1974ء کو ناظمِ عمومی مولانا سید احمد ہاشمی نے سرکلر جاری کیا کہ صوبائی، ضلعی اور مقامی جمعیتیں اجتماعات کرکے کوٹھاری کمیشن کی قابلِ اعتراض سفارشات سے لوگوں کو واقف کرائیں۔ چنانچہ ہندستان کے طول و عرض میں اہلِ مدارس کی طرف سے زبردست احتجاجی اجلاس کیے گئے۔
اس کے بعد 10 جون 1977ء کو مولانا اسعد مدنی، صدر جمعیت علمائے ہند کی قیادت میں ایک وفد نے وزیرِ تعلیم ڈاکٹر پرتاپ چندر سے ملاقات کرکے کوٹھاری سفارشات منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا۔
6۔ کل ہند ملی کنونشن اور مدارس کے تحفظ کی جدوجہد (1977ء تا 1980ء)
مجلس عاملہ منعقدہ 20، 21 اپریل 1974ء نے جس عظیم الشان اجلاس کا فیصلہ کیا تھا، 3، 4 اکتوبر 1977ء کو آزاد بھون نئی دہلی میں جمعیت علمائے ہند اور جماعت اسلامی ہند اور دیگر تنظیموں کے اشتراک سے آل انڈیا ملی کنونشن منعقد ہوا۔ اس کی گیارھویں تجویز میں اقلیتی حقوق سے متصادم کوٹھاری ایجوکیشن کمیشن کی سفارشات حذف کرنے اور مادری زبان، سہ لسانی فارمولے اور اردو یونی ورسٹی سے متعلق مفید سفارشات نافذ کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔
پھر 23، 24 ستمبر 1978ء کی مجلس عاملہ میں مرکز دعوتِ اسلام قائم ہوا، جس کے مقاصد میں مدارسِ اسلامیہ کے لیے عصری علوم و فنون پر مشتمل کتابیں تیار کرنا بھی شامل تھا۔
اس کے بعد 11 جولائی 1980ء کو مولانا اسعد مدنی، صدر جمعیت علمائے ہند کی قیادت میں ایک وفد نے وزیرِ اعظم اندرا گاندھی کو میمورنڈم دیا۔ وفد میں مولانا قاضی زین العابدین، مولانا قاضی سجاد حسین، مولانا جلیل احمد سیوہاروی، مولانا اسرار الحق قاسمی، مولانا عبد الرؤف خاں بریلوی اور مسعود حسن صدیقی شامل تھے۔ پانچویں مطالبے میں مسلمانوں کے مکاتب و مدارس کو کوٹھاری کمیشن کے تحت کارروائی سے مستثنیٰ رکھنے کا مطالبہ کیا گیا۔
7۔ کل ہند تعلیمی و ملی کانفرنس اور وفاقِ مدارس کے قیام کا فیصلہ (1984ء)
3 فروری 1984ء کو مولانا اسعد مدنی کی صدارت میں مدارس کے نمائندوں کا اجتماع ہوا، جس میں 6، 7، 8 اپریل 1984ء کو دہلی میں کل ہند تعلیمی و ملی کانفرنس بلانے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس کانفرنس میں مدارسِ اسلامیہ کے تاریخی، دینی اور ملی کردار کو تسلیم کرتے ہوئے ان کے خلاف جاری مخالفانہ مہمات کی مذمت کی گئی اور حکومتِ ہند و ریاستی حکومتوں سے مطالبہ کیا گیا کہ مدارس کو دستورِ ہند کے تحت حاصل تعلیمی آزادی کے مطابق کام کرنے کا موقع دیا جائے۔
کل ہند وفاقِ مدارس کا قیام: کانفرنس نے مدارس کے تحفظ، استحکام اور باہمی تعاون کے لیے ایک کل ہند وفاقِ مدارس قائم کرنے کا فیصلہ کیا، جس کے اغراض و مقاصد میں نصابِ تعلیم، نظامِ تعلیم، امتحانات، داخلہ و اخراج اور ضابطۂ اخلاق کو منظم کرنا نیز اساتذہ کی تربیت کا انتظام شامل تھا۔ اس کے لیے مولانا مرغوب الرحمن، مفتی عبدالعزیز، مولانا رشید الدین، مولانا علی میاں، مولانا محمد عبدالجلیل رحمانی، مولانا قمرالدین محمود، مولانا شاہ عون احمد قادری اور مولانا اسعد مدنی پر مشتمل آٹھ رکنی عارضی کمیٹی مقرر کی گئی، جسے چھ ماہ کے اندر وفاق قائم کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی۔
کانفرنس نے دینی تعلیم کو ایک ملک گیر تحریک بنانے، ہر ریاست میں دینی تعلیمی انجمنیں قائم کرنے، مکاتب و مدارس کی سرپرستی، علاقائی ضروریات کے مطابق نصاب مرتب کرنے، درسی کتابیں فراہم کرنے اور اساتذہ کی تربیت کا مطالبہ کیا۔ سرکاری و غیر سرکاری اسکولوں میں زیرِ تعلیم بچوں کے لیے صبح و شبینہ مکاتب یا دینی مدرسین کا انتظام کرنے پر بھی زور دیا۔ ساتھ ہی کوٹھاری ایجوکیشن کمیشن کی مجوزہ ’’پڑوسی اسکول‘‘ اسکیم کو دستورِ ہند میں دی گئی تعلیمی و مذہبی آزادی کے منافی قرار دیتے ہوئے مسترد کرنے کا مطالبہ کیا۔
اسی طرح تعلیم کو مکمل طور پر قومیانے اور سرکاری کنٹرول میں دینے کی کوششوں کو دستورِ ہند کی دفعہ 30 کے تحت اقلیتوں کو حاصل تعلیمی حقوق کے خلاف قرار دیتے ہوئے اس کی سخت مخالفت کا اعلان کیا گیا۔
8۔ مدارس کے نصاب میں اصلاح و ترمیم کی کوششیں
مدارس کے نصاب میں اصلاح و ترمیم کے لیے قرارداد نمبر 18 کے تحت پانچ رکنی نصاب کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا، جس میں دارالعلوم دیوبند، مظاہر علوم سہارنپور، ندوۃ العلماء لکھنؤ اور مرکزی دارالعلوم بنارس کے نمائندے شامل تھے، جب کہ مولانا ارشد مدنی کو کنوینر مقرر کیا گیا اور کمیٹی کو تین ماہرینِ تعلیم منتخب کرنے کا اختیار دیا گیا۔
نصاب کی اصلاح کے لیے تعلیمی نظام کو چار مراحل—ابتدائی، ثانوی، اعلیٰ تعلیم اور فنی تحقیق—میں تقسیم کرنے، ہر مرحلے کے مقاصد، مضامین، طریقۂ تدریس، معیارِ تعلیم، امتحانات اور درسی کتابوں کا تعین کرنے اور ملک کے بڑے مدارس سے مشورے کے بعد وفاق سے منظوری لینے کی تجویز پیش کی گئی۔ یہ بھی طے ہوا کہ نصاب کی اصلاح مرحلہ وار اور احتیاط کے ساتھ کی جائے، تاکہ مدارس کے تعلیمی تسلسل میں کوئی خلل پیدا نہ ہو۔
9۔ مدارس پر کم از کم اجرت قانون کا نفاذ اور جمعیت کا احتجاج (1984ء تا 1989ء)
یکم دسمبر 1984ء کو یوپی حکومت نے کم از کم اجرت کا نوٹیفکیشن جاری کیا، جس کے خلاف 10 اپریل 1989ء کو مولانا اسعد مدنی نے اخباری بیان دے کر فیصلہ واپس نہ ہونے پر احتجاج کی دھمکی دی۔ 27 مئی 1989ء کو لکھنؤ میں تقریباً پندرہ سو مدارس کے نمائندوں نے مل کر مدارس دینیہ کانفرنس منعقد کی، جس نے اس قانون کی مخالفت کی۔ اس کانفرنس میں شریک وزیرِ اعلیٰ نے اپنا حکم واپس لینے کا اعلان کیا۔ چنانچہ یکم جون 1989ء کو دسمبر 1984ء کا نوٹیفکیشن منسوخ کردیا گیا۔
10۔ مدارس کو عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی تجاویز (1990ء تا 2000ء)
چوں کہ حکومت کی طرف سے تعلیمی اداروں کی اصلاح کے لیے کیے جارہے اقدامات کے تحت مدارس بار بار زد میں آرہے تھے، اس لیے حالات کے تقاضے کے پیش نظر پہلے تو 3 جون 1990ء کی مجلس منتظمہ نے یہ مشورہ دیا کہ دینی اداروں کے نصاب کو عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے اور عصریات کو داخلِ نصاب کیا جائے۔
لیکن اس کے بعد 3، 4 اکتوبر 1993ء کو منعقد تحفظِ شریعت کانفرنس کے ذریعہ جمعیت علمائے ہند نے مدارس سے الگ مستقل طور پر پرائمری، ہائر سیکنڈری، کالج، کامرس، انجینئرنگ اور تکنیکی ادارے قائم کرنے، آل انڈیا ایجوکیشنل کونسل بنانے اور بچیوں کے لیے مناسب غیر اقامتی ادارے قائم کرنے کی تجاویز دیں۔
اس کے بعد 2 جولائی 2000ء کو ’’اسلامی ماحول میں عصری تعلیم کانفرنس‘‘ منعقد کی گئی، جس میں دینی تعلیم کے ساتھ عصری تعلیم، تکنیکی اداروں اور فضلا کے لیے جدید تعلیمی مواقع پیدا کرنے کے لیے لوگوں سے اپیل کی گئی۔
11۔ مدرسہ بورڈ کا قیام اور جمعیت علمائے ہند کی مخالفت (2002ء تا 2009ء)
23 جون 2002ء کو دہلی حکومت نے مدارس کی رجسٹریشن و نگرانی کے لیے مدرسہ بورڈ کی تجویز پیش کی، جس کے خلاف یکم جولائی 2002ء کو مدارس کا اجتماع ہوا۔ اس اجتماع نے لازمی سرکاری رجسٹریشن اور سرکاری نصاب کو مسترد کرنے کا اعلان کیا، البتہ ٹرسٹ یا سوسائٹی کا قانونی رجسٹریشن مفید بتایا۔
اس کے فوری بعد 12 جولائی 2002ء کو جمعیت کے ایک وفد نے وزیرِ اعلیٰ شیلا دیکشت سے ملاقات کرکے مدارس کے مسائل ان کے سامنے رکھے تو انھوں نے مدارس میں مداخلت نہ کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
بعد ازاں 22 فروری 2003ء کی مجلس عاملہ نے سرکاری مداخلت سے بچنے کے لیے مدارس کو سرکاری امداد قبول نہ کرنے کا مشورہ دیا۔ پھر 8 مارچ 2003ء کو شاہجہانی جامع مسجد دہلی میں مولانا اسعد مدنی کی صدارت میں اجلاس برائے تحفظِ مدارس منعقد ہوا؛ مولانا قاری محمد عثمان، مولانا اصغر علی امام مہدی، مولانا برہان الدین سنبھلی، مولانا شفیع مونس، مولانا عبد القدوس، مولانا سید سلمان ندوی، مولانا انظر شاہ کشمیری، مولانا ارشد مدنی اور دیگر نے خطاب کیا۔ اگلے دن 9 مارچ 2003ء کو جمعیت کا ستائیسواں اجلاسِ عام ہوا۔ ان تمام حضرات نے مدارس کو سرکاری تسلط سے آزاد رکھنے اور سرکاری امداد سے اجتناب کی اپیل کی۔
2004ء میں مرکزی حکومت نے Area Intensive and Madrasa Modernisation Programme کو آگے بڑھایا اور National Monitoring Committee on Minority Education قائم کی۔ اسی سال یوپی مدرسہ ایجوکیشن ایکٹ بھی منظور کیا گیا، جسے 3 دسمبر 2004ء کو گورنر کی منظوری اور 6 دسمبر 2004ء کو گزٹ میں اشاعت ہوئی۔ اس ایکٹ کے عواقب و مضمرات پر غور کرنے کے لیے 27 جون 2004ء کو مجلس عاملہ نے مولانا ارشد مدنی، مولانا حبیب الرحمان، حافظ محمد صدیق، مولانا عبد العلیم فاروقی اور مولانا عبد الحمید نعمانی پر مشتمل ایک کمیٹی بنائی۔
28 فروری 2006ء اور یکم دسمبر 2006ء کو جمعیت نے مرکزی مدرسہ بورڈ کو غیر ضروری قرار دیا۔ اسی طرح 23، 24 اپریل 2007ء کو منعقد فدائے ملت سیمینار میں، پھر 9 نومبر 2008ء کو انتیسواں اجلاسِ عام میں، بعد ازاں 14 فروری 2009ء کو منعقد دہشت گردی مخالف امنِ عالم کانفرنس میں مدرسہ بورڈ کی پرزور مخالفت کی گئی۔
حکومت کی طرف سے 2009ء میں Central Madarsa Board Bill کا مسودہ تیار کیا گیا، جسے 19 فروری 2009ء کو متعلقہ وزارتوں کو بھیجا گیا۔ 26 جون 2009ء کو کپل سبل نے اسے سو روزہ پروگرام میں شامل کیا، جس پر 2 اکتوبر 2009ء کو جمعیت علمائے ہند کے جنرل سکریٹری مولانا محمود مدنی نے تشویش ظاہر کی اور 3 نومبر 2009ء کو منعقد تیسویں اجلاسِ عام میں اس کی زبردست مخالفت کی گئی۔ پھر 3 دسمبر 2009ء کو مدارس کی آزادی و شناخت پر سمجھوتہ نہ کرنے کا اعلان کیا گیا۔
12۔ مفت و لازمی تعلیم کا قانون 2009ء اور مدارس کو استثنا دلانے کی جدوجہد
4 اگست 2009ء کو مفت و لازمی تعلیم کا قانون منظور ہوا، 26 اگست 2009ء کو صدر جمہوریہ پرتبھا دیوی سنگھ پاٹل نے منظوری دی اور یکم اپریل 2010ء سے اس کا نفاذ ہوا۔ اس کے تحت 6 تا 14 سال کے بچوں کے لیے مفت و لازمی ابتدائی تعلیم بنیادی حق بنی۔
5 جولائی 2010ء کی مجلس عاملہ میں مولانا نیاز احمد فاروقی نے قانون کے مثبت و منفی پہلوؤں کا جائزہ لیا۔ 15 جولائی 2010ء کو پریس بیان، 23 جولائی 2010ء کو پریس کانفرنس اور 5 اگست 2010ء کو انڈیا انٹرنیشنل سینٹر نئی دہلی میں مولانا قاری سید محمد عثمان منصور پوری کی صدارت میں ’’لازمی عصری تعلیم کا چیلنج‘‘ کانفرنس ہوئی۔ اس میں کپل سبل، کے رحمان خاں، سلمان خورشید، مولانا محمود مدنی، مولانا اسرار الحق قاسمی، مولانا جلال الدین عمری، مولانا عبد اللہ مغیثی، ڈاکٹر فیضان مصطفیٰ، پی اے انعامدار، جسٹس فخر الدین اور دیگر شریک ہوئے۔ کانفرنس نے مدارس کی خودمختاری کے تحفظ اور قانون میں ترمیم کا مطالبہ کیا۔
چنانچہ 23 نومبر 2010ء کو وزیرِ تعلیم کپل سبل نے استثنائی حکم جاری کیا۔ 28 جنوری 2011ء کو جمعیت کے وفد نے ان سے ملاقات کرکے باقاعدہ قانونی ترمیم کا مطالبہ کیا۔ 6، 7 مارچ 2011ء کی مجلس منتظمہ میں مولانا محمود اسعد مدنی نے ترمیم کی ضرورت بیان کی۔ جمعیت علمائے ہند کی یہ کوششیں بارآور ہوئیں اور 14 دسمبر 2011ء کو مرکزی کابینہ نے مدارس کو قانون سے مستثنیٰ کرنے کا فیصلہ کیا۔
13۔ قومی تعلیمی پالیسی کی تشکیل اور جمعیت اوپن اسکول کا قیام (2017ء تا 2020ء)
جون 2017ء میں ڈاکٹر کے کستوری رنگن کی سربراہی میں قومی تعلیمی پالیسی کمیٹی بنی۔ اسی سال بارہ بنکی میں دو مدارس کو حقِ تعلیم قانون کے حوالے سے نوٹس ملے، جس پر 11 اگست 2017ء کو مولانا محمود مدنی نے تشویش ظاہر کی اور 28 اکتوبر 2017ء کی مجلس منتظمہ نے مدارس کے قانونی و انتظامی معاملات بہتر بنانے کی تلقین کی۔
31 مئی 2019ء کو کستوری رنگن کمیٹی نے مسودہ رپورٹ پیش کی۔ 4 اگست 2019ء کی مجلس عاملہ نے مدارس کے مسائل کے لیے مفتی محمد سلمان منصور پوری، مولانا محمد سلمان بجنوری، مولانا متین الحق اسامہ اور مولانا نیاز احمد فاروقی پر مشتمل ایک کمیٹی بنائی۔ 12 ستمبر 2019ء کی مجلس منتظمہ نے مدارس کے نصاب میں بنیادی عصری علوم شامل کرنے کی اپیل کی۔
5 اکتوبر 2019ء کو دفتر جمعیت علمائے ہند، نئی دہلی میں ماہرینِ تعلیم کی میٹنگ ہوئی اور اسی روز ’’جمعیت اوپن اسکول‘‘ قائم ہوا، جس کا نام بعد میں جمعیت ایجوکیشن فاؤنڈیشن اور پھر جمعیت اسٹڈی سینٹر کردیا گیا۔ اس کا مقصد فاصلاتی طرز پر عصری تعلیم فراہم کرکے مدارس کو حکومت کی تعلیمی سفارشات کی زد سے بچانا تھا۔
14۔ نئی قومی تعلیمی پالیسی 2020ء اور مدارس کے لیے متبادل تعلیمی نظام
29 جولائی 2020ء کو نئی قومی تعلیمی پالیسی منظور ہوئی، جس کی زد سے مدارس کو بچانے کے لیے 22 اکتوبر 2020ء کو منعقد مجلس عاملہ نے مدارس کا اصل دینی نصاب برقرار رکھتے ہوئے NIOS کے فاصلاتی نظام سے عصری تعلیم فراہم کرنے کی تجویز منظور کی اور مفتی محمد سلمان منصور پوری کی کنوینرشپ میں کمیٹی بنائی۔
15۔ سروے، رجسٹریشن اور مالی شفافیت کے حوالے سے جمعیت کی رہ نمائی (2022ء تا 2023ء)
21، 22 جولائی 2022ء کی مجلس عاملہ نے مدارس میں مالی شفافیت اور طلبہ کی رہائش و خوراک کے انتظامات بہتر بنانے پر زور دیا۔ 30 اگست 2022ء کو یوپی حکومت کے ڈپٹی سکریٹری شکیل احمد صدیقی نے غیر منظور شدہ مدارس کے سروے کا سرکلر جاری کیا، جس کے پیش نظر 6 ستمبر 2022ء کو تحفظِ مدارس کانفرنس ہوئی۔ اسی کے تناظر میں 12 ستمبر 2022ء کو اسٹیرنگ کمیٹی نے مدارس کے لیے رہ نما مشورے جاری کیے، جن میں زمین و عمارت کے کاغذات، رجسٹریشن، مالی حسابات، بینک اکاؤنٹ، بیلنس شیٹ اور آڈٹ درست رکھنے کی ہدایات شامل تھیں۔
10، 11، 12 فروری 2023ء کو چونتیسواں اجلاسِ عام ہوا اور 12 فروری کو مدارس کی آزادی و خوداختیاری کے تحفظ کی تجویز منظور ہوئی۔
16۔ اتر پردیش اور اتراکھنڈ میں حکومتی کارروائیاں اور قانونی جدوجہد (2024ء تا 2025ء)
26 جون 2024ء کو یوپی حکومت نے مدارس کے بعض طلبہ کو سرکاری اسکولوں میں منتقل کرنے کی ہدایت جاری کی، تو 4، 5 جولائی 2024ء کی مجلس منتظمہ نے زمین، عمارت، طلبہ کی رہائش، صاف پانی، شناختی دستاویزات، مالی شفافیت، آڈٹ اور بنیادی عصری تعلیم سے متعلق مفصل ہدایات جاری کیں اور پھر 11 جولائی 2024ء کو جمعیت نے یوپی حکم کو غیر آئینی قرار دے کر واپسی کا مطالبہ کیا۔
دسمبر 2024ء میں اتراکھنڈ حکومت نے غیر رجسٹرڈ مدارس کی جانچ کا حکم دیا، جنوری 2025ء میں مہم شروع ہوئی، 28 فروری 2025ء کو ابتدائی طور پر 11 مدارس سیل کردیے گئے اور مارچ 2025ء تک 136 مدارس سیل کیے جاچکے تھے۔ 13 اپریل 2025ء کی مجلس عاملہ نے اس کارروائی کی مذمت اور مدارس کی بحالی کا مطالبہ کیا۔
اس پر مزید قانونی کارروائی کے لیے 5 مئی 2025ء کو یوپی میں 21 کلسٹر اور اتراکھنڈ میں چار اضلاع کا کلسٹر بنایا گیا؛ مفتی قاسم رضی کنوینر اور ماسٹر احسان الٰہی معاون کنوینر مقرر ہوئے۔ 23 مئی 2025ء کو جامعہ محمودیہ اشرف العلوم، جاجمئو، کانپور میں تحفظِ مدارس کنونشن ہوا۔ صدر جمعیت مولانا محمود مدنی نے مدارس کے تحفظ کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ’’یہ کرو یا مرو کا وقت ہے۔‘‘
29 نومبر 2025ء کی مجلس منتظمہ نے مدارس کے خلاف کارروائیوں پر تشویش ظاہر کی۔
17۔ حاصلِ جدوجہد: مدارس کی آزادی، دینی شناخت اور تعلیمی اصلاح
مذکورہ تاریخی واقعات سے واضح ہوتا ہے کہ جمعیت علمائے ہند نے مدارسِ اسلامیہ کے دستوری حقوق، تعلیمی آزادی اور دینی شناخت کے تحفظ کے لیے مسلسل جدوجہد کی۔ اس جدوجہد میں ایک طرف کوٹھاری کمیشن کی قابلِ اعتراض سفارشات، سرکاری کنٹرول، لازمی رجسٹریشن اور مدرسہ بورڈ کے قیام جیسی تجاویز کی مخالفت کی گئی، تو دوسری طرف مدارس کے تعلیمی و انتظامی معیار کی بہتری، نصاب میں مناسب اصلاح، عصری علوم کی شمولیت، مالی شفافیت اور طلبہ کی تعلیمی ترقی پر بھی زور دیا گیا۔ جمعیت کی کوششوں کا بنیادی مقصد یہ رہا کہ مدارس اپنی دینی شناخت اور خودمختاری برقرار رکھتے ہوئے بدلتے ہوئے تعلیمی حالات کا مقابلہ کرسکیں اور نئی نسل کی دینی و عصری دونوں ضرورتیں پوری ہوں۔























